نواز شریف 7 مئی کو خود کو جیل حکام کے حوالے کرینگے: رانا ثناء اللہ

03:08 PM, 4 May, 2019

نیا دور
لاہور: مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی ضمانت کی توسیع نہیں ہوئی ان کے ساتھ زیادتی ہوئی جس پر تشویش ہے۔ میڈیکل کی بنیاد پرضمانت نوازشریف کا بنیادی حق تھا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف 7 مئی کو خود کو جیل حکام کے حوالے کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کیساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ گورنراسٹیٹ بینک سے زبردستی استعفی لیا گیا، آئی ایم ایف کے نوکر کو معیشت پر مسلط کیا جا رہا ہے۔ آئی ایم ایف کے ملازم کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ موجودہ حکومت نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ ممبران قومی وصوبائی اسمبلی کی طرف سے تجاویز آئی ہے۔ لاہورکی تنظیم کو فعال کیا جائے گا،۔ پنجاب بھرمیں ڈویژن، ڈسٹرکٹ کی سطح پر پارٹی کو ری آرگنائز کیا جائے گا۔

مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا کہ مریم نواز نے ن لیگ میں متحرک کردار ادا کیا ہے، مریم نواز کو پارٹی کی تنظیم میں خوش آمدید کہتے ہیں، ن لیگ کی تنظیم سازی میں تھوڑی تاخیر ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ پاکستان کا اثاثہ ہے، ہمارے پاس اقتصادی وژن ہے، ن لیگ کے دور میں تاریخی کام ہوئے جو ماضی میں نہیں ہوئے، پارٹی میں تنظیم سازی مکمل ہوگئی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے پانچ سال کی ترقی ماضی کے 25 سال پر بھاری ہے، شہباز شریف نواز شریف کی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین ہیں، حکومت نے پاکستان کو آئی ایم ایف کی کالونی بنادیا ہے۔

اس موقع پر پریس کانفرنس کے دوران شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کی کسی نے مخالفت نہیں کی۔ چودھری نثار کے لیے دلوں اور پارٹی میں جگہ موجود ہے۔ ن لیگ نے رابطہ نہیں کیا تاہم اگر وہ پارٹی میں آنا چاہتے ہیں تو آ جائیں۔ شہباز شریف پارٹی صدر ہیں۔ اگلے 8 سے دس دن میں واپس آ جائینگے۔
مزیدخبریں