فارم 47 کی بات کی تو ن لیگ منہ نہیں چھپا سکے گی: انوارالحق کاکڑ 

سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ رات مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی سے گلہ کیا کہ انہوں نے ایک ٹی وی شو میں گندم خریداری نہ ہونے کی ذمے داری نگران حکومت پر ڈال دی جو حقائق کےمطابق درست نہیں۔ میڈیا میں اس بات چیت کو غلط انداز میں اور توڑ موڑ کر پیش کیا جارہا ہے جو حقائق کے مطابق نہیں ہے۔

12:49 PM, 4 May, 2024

نیا دور

سابق وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور لیگی رہنما حنیف عباسی کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی، اس دوران انوارالحق کاکڑ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ  اگر میں نے فارم 47 کی بات کی تو ن لیگ منہ نہیں چھپا سکے گی۔

سابق وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور حنیف عباسی کے مابین  گندم اسکینڈل پر تلخ کلامی گزشتہ شب نجی ہوٹل میں ہوئی۔ انوارالحق کاکڑ نے لیگی رہنما سے کہا کہ کیا آپ مجھ گرفتار کرنے آئے ہو؟ جس پر حنیف عباسی نے سخت لہجہ اپناتے ہوئے انوار الحق کاکڑ سے کہا کہ  میں قسم کھاتا ہوں تم چور ہو۔ تم نے گندم سکینڈل میں پیسے کھائے۔ میں نے پروگرام میں جو بھی کہا وہ سچ کہا ہے ۔

اس کے جواب میں انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ اگر میں نے فارم 47 کی بات کی تو آپ اور ن لیگ منہ چھپاتے پھریں گے۔

اس واقعے  سے متعلق ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ رات مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی سے گلہ کیا کہ انہوں نے ایک ٹی وی شو میں گندم خریداری نہ ہونے کی ذمے داری نگران حکومت پر ڈال دی جو حقائق کےمطابق درست نہیں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ میڈیا میں اس بات چیت کو غلط انداز میں اور توڑ موڑ کر پیش کیا جارہا ہے جو حقائق کے مطابق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی پارلیمان میں ان کے ساتھی ہیں اور آج بھی ان سے فون پر بات ہوئی ہے۔ سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے وضاحت کی ہے کہ حنیف عباسی کے ساتھ تلخ کلامی کی خبروں میں صداقت نہیں ہے۔ 

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما  طارق فضل چوہدری نے کہا  ہےکہ نگرا ں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا گندم کی درآمد کا فیصلہ کسانوں کی جڑوں میں بیٹھ گیا ہے۔

نجی ٹی وی  کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو  کرتے ہوئے  سیکرٹری جنرل جے یو آئی سندھ  راشد سومرو نے کہا انتخابات میں دھاندلی کے خلاف ملین مارچ کررہے ہیں۔ ایوان نہیں میدان میں فیصلے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یاد رہے کہ نگران وزیر اعظم رہنے والے انوار الحق کاکڑ کو مسلم لیگ ن کی جانب سے ہی سینیٹر منتخب کروایا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے ن لیگ میں باقاعدہ شمولیت اختیار نہیں کی۔

یہ بھی واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کی جانب سے نگران حکومت کو گندم بحران کا ذمے دار قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے انکشاف کیا ہے کہ نگران دور میں جو گندم امپورٹ ہوئی۔ اس کی سفارش پی ڈی ایم کی گزشتہ حکومت کی جانب سے کی گئی تھی۔

مزیدخبریں