سرکاری نوکری کے خواہشمندوں کیلئے خوشخبری، پنجاب میں 1 لاکھ اسامیوں پر فوری بھرتی کا فیصلہ

03:04 PM, 4 Nov, 2021

نیا دور
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے بھر میں 1 لاکھ خالی اسامیوں پر فوری طور پر بھرتی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ محکمہ تعلیم، صحت، پولیس، سول ڈیفنس، ریونیو، جیل خانہ جات اور کالجز میں نوجوانوں کو یہ سرکاری نوکریاں دی جائیں گی۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس بات کی منظوری دیدی ہے کہ پنجاب بھر میں تقریباً ایک لاکھ سرکاری آسامیوں پر فوری بھرتی شروع کی جائے گی۔ یہ نوکریاں عوام کیلئے ہیں۔ یہ ان اسامیوں پر ہیں جو خالی پڑی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نوکریوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، جن محکموں میں جگہیں خالی ہیں انہیں پُر کیا جائے گا، نوکریوں کے معاملے پر کوئی تاخیر یا شارٹ کٹ نہیں لیا جائے گا۔

https://twitter.com/MashwaniAzhar/status/1456261907728330753?s=20

حسان خاور کا کہنا تھا کہ ان سرکاری نوکریوں پر بھرتی کیلئے مکمل شفافیت کو مدنظر رکھا جائے گا۔ یہ تمام نوکریاں صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر دی جائیں گی۔ ان ایک لاکھ اسامیوں پر بھرتی کیلئے میرٹ تعلیم اور تجربہ ہوگا۔

انہوں نے ان اسامیوں کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں گریڈ 14 سے 16 تک کی خالی 33 ہزار سے زائد اسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں 16 ہزار سے زائد اسامیوں پر فوری بھرتی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں گریڈ ایک سے چار تک کی 25 ہزار سے زائد اسامیوں پر بھی بھرتی کی جائے گی۔ ان تمام بھرتیوں کے اشتہارات میڈیا اور اخبارات میں جاری کئے جا رہے ہیں۔

تحریک لبیک کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ مذاکرات سے مسئلہ حل ہونے جا رہا ہے۔ قوم کی جیت ہے۔ تاہم عدالتی معاملات عدالتیں ہی حل کریں گی جبکہ انتظامی مسائل انتظامی بنیاد پر حل ہوں گے۔ ترجمان نے کہا کہ آئی جی پنجاب کو تبدیل نہیں کیا جارہا۔ تاہم لاہور پولیس میں چند اہم تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں۔
مزیدخبریں