اسلام آباد : سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ جو نجی چینل پی ٹی وی پارلیمنٹ کی فیڈ استعمال کر رہے ہیں وہ پیسے دیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی پارلیمنٹ کی براڈکاسٹ لیکر پیسے لے رہے ہیں لیکن ہمیں نہیں دے رہے. فواد چودھری نے مزید کہا کہ پی ٹی وی پارلیمنٹ کو کمرشل وینچر کی طرف چلانا چاہتے ہیں۔ اگر نجی چینلز پی ٹی وی پارلیمنٹ پر نشر ہونے والی تقاریر چلانا چاہتے ہیں وہ ہمیں پیسے ادا کریں گے۔
فواد چودھری کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے چئیرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ نجی چینلز کو اجازت ہی نہیں تو وہ کیسے آکر کوریج کریں؟
کمیٹی چئیرمین نے کہا کہ اب نوبت یہاں تک آگئی ہے کہ سینیٹرز اور ایم این ایز پیسے جمع کر کے پی ٹی وی کے کیمروں کی ادائیگی کریں۔
چئیرمین کمیٹی کے ریمارکس پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نجی چینلز کو اجازت دینا میرا اختیار نہیں کیونکہ یا تو میں آپ سے پیسے لوں یا پھر پارلیمنٹ پیسے لے۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ فیک نیوز پر اتفاق رائے کی ضرورت ہے کیونکہ موجودہ دنیا میں فیک نیوز اور اصل خبر میں فرق دیکھنا ضروری ہے۔ چئیرمین کمیٹی نے مزید کہا کہ کل رات بھی ایک فیوز نیوز کا ایشو بنا اور کل رات کسی نے پی ٹی وی کا پوسٹر چھاپ دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی کا پوسٹر سوشل میڈیا سے چلا اور پتہ نہیں چل سکا کہ یہ فیک ہے.