ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ: پاک بھارت ٹاکرا 24 اکتوبر کو ہوگا، تمام ٹکٹ فروخت

12:21 PM, 4 Oct, 2021

نیا دور
ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2021ء میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ رواں ماہ 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا لیکن شائقین کی پسندیدگی کا عالم یہ ہے کہ اس کے تمام ٹکٹس صرف چند ہی گھنٹوں میں فروخت ہو چکے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اہم ترین میچ کے تمام ٹکٹس آن لائن فروخت کئے گئے۔ ٹکٹوں کی خریداری کھلتے ہی ہزاروں شائقین اس کو حاصل کرنے کی تگ ودو کرنے لگے۔

پاک بھارت میچ کیلئے پلاٹینیم ٹکٹوں کی قیمت 2600 درہم جبکہ 1500 درہم کا پریمیئم ٹکٹ رکھا گیا تھا لیکن دیکھتے ہی دیکھتے یہ سب بھی فروخت ہو گئے۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر ان ٹکٹوں کی بلیک میں بھی فروخت کی جانے لگی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے اجازت دی گئی ہے کہ کرکٹ شائقین کہیں سے بھی میچ دیکھنے کیلئے ٹکٹوں کی بکنگ کرا سکتے ہیں تاہم صرف 70 فیصد تماشائیوں کو ہی میدان میں آنے کی اجازت دی جائے گی۔

خیال رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا آغاز رواں ماہ 17 اکتوبر سے ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ 17 سے 22 اکتوبر تک عمان میں کھیلا جائے گا۔

شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ کا دوسرا مرحلہ 23 سے 14 نومبر کے درمیانی عرصے میں منعقد ہوگا لیکن وہ متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔
مزیدخبریں