میڈیسن کا نوبل پرائز اردم پاتاپوتیان اور ڈیوڈ جولیئس کے نام

03:12 PM, 4 Oct, 2021

نیا دور
 

شعبہ میڈیسن کا نوبل پرائز اردم پاتاپوتیان اور ڈیوڈ جولیئس کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان دونوں سائنسدانوں کا تعلق امریکا سے ہے۔ انہوں نے انسانی جسم کے درجہ حرارت کے بارے اہم دریافتیں کی ہیں۔

سیکرٹری جنرل تھوماس پیرلمین نوبل پرائز کمیٹی نے اس انعام کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جولیئس اور پاتاپوتیان کو انسانی لمس کے احساس کیلئے ذمہ دار ریسیپٹرز کی دریافت پر یہ انعام دینے کا حقدار ٹھہرایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں سائنسدانوں نے فطرت کے مخفی رازوں کو ہم پر آشکار کر دیا ہے، اس سے انسانی بقا کو تحفظ حاصل ہوا ہے۔ خیال رہے کہ ان امریکی سائنسدانوں کو گزشتہ سال کاولی انعام برائے نیورو سائنسز سے بھی نوازا گیا تھا۔

اردم پاتاپوتیان نے بنیادی تعلیم بیروت سے حاصل کی تھی۔ امریکی مولیکولر بیالوجر اردم پاتاپوتیان بنیادی طور پر آرمینیائی نسل سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ کیلیفورنیا یونیورسٹی اور کیلیفورنیا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے تعلیم کے حصول میں وابستہ رہے۔ وہ ان دنوں اسکرِپس ریسرچ ادارے سے وابستہ ہیں۔

سائنسدان اردم پاتاپوتیان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے انسانی جسم کا درجہ حرارت جاننے کا ایک انوکھا طریقہ کار وضع کیا، اس کیلئے انہوں نے انسانی خلیے سے مکینیکل سینسر کی مدد سے ٹمپریچر معلوم کرنے کا پتا چلایا۔

ڈوئچے ویلے کے مطابق ڈیوڈ جولیئس کی کاوشوں کے بارے میں بات کی جائے تو انہوں نے مرچ کے ایک جزو کو تلاش کر کے انسانی اعصابی نظام میں موجود حرارت سے جسم کے اندرونی درجہ حرارت کے بارے میں بنیادی معلومات ظاہر کیں۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی کے برکلے کیمپس سے تعلق رکھنے امریکی سائنسدان ڈیوڈ جولیئس کو سن 2010 میں لائف سائنسز کا شاء پرائز بھی دیا جا چکا ہے۔ وہ مشہور امریکی درسگاہ میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے فارغ التحصیل ہیں۔

جولیئس نے مرچ میں موجود ایک عام سے جزو کیپسیسین کو دریافت کیا تھا اور اس کی مدد سے انسان میں پائی جانے والی غیر معمولی حرارت کو جاننے میں مدد ملی۔
مزیدخبریں