تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ فرح خان اتوار کو وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد ملک چھوڑ کر دبئی چلی گئی ہیں۔ جبکہ ان کے شوہر اس سے قبل ہی ملک چھوڑ کر امریکہ جا چکے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے الزام عائد کیا تھا کہ وزیر اعظم کی اہلیہ کی دوست نے افسران کی مرضی کے مطابق تقرریوں میں بڑے پیمانے پر رقم بٹوری ہے۔
مریم نواز نے اسے سب سے بڑا اسکینڈل‘ قرار دیا تھا جس میں 6 ارب روپے کی بدعنوانی کی گئی ہے۔
مریم نواز نے کہا تھا کہ ’ میں بشریٰ بی بی کی دوست فرح کا نام لینے کی ہمت رکھتی ہوں، جنہوں نے تقرر اور تبادلوں کی مد میں کروڑوں روپےحاصل کیے اور یہ براہِ راست بنی گالہ ( عمران خان کی رہائش گاہ) سے منسلک ہے‘۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک بار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت واپس گھر چلی جائے توعمران خان اور کمپنی کی دماغ چکرادینے والی کرپشن کی داستانیں منظر عام پر آئیں گی۔
مریم نواز نے کہا تھا کہ ’6 ارب روپے کے تقرر و تبادلے کے سب سے اسکینڈل کا تعلق بنی گالہ سے ہے، آنے والے وقتوں میں شواہد منظر عام پر آنا شروع ہوجائیں گے عمران خان کو ڈر ہے کہ ایک بار وہ اقتدار سے ہٹ گئے تو ’چور‘ منظر عام پر آجائیں گے۔
برطرف گورنر چوہدری سرور اور وزیر اعظم کے پرانے دوست علیم خان نے بھی الزام لگایا کہ فرح خان نے سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی مددسے پنجاب میں کروڑوں روپے لے کر تقرر و تبادلے کروائے۔