اس معاملے سے آگاہ پاکستانی آفیشل نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ سیکیورٹی ایجنسیوں نے عمران خان کو اپنا نقطہ نظر بتا دیا تھا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح طور پر امریکا پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے پاکستانی حکومت کو گرانے کیلئے مقامی سیاستدانوں کو استعمال کیا اور باور کرایا کہ اگر تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں حکومت ختم نہ ہوئی تو اس کا نقصان پاکستان کو اٹھانا پڑے گا۔
اسی معاملے پر غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے پاکستانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیکیورٹی ایجسنیوں کو وزیراعظم کے الزامات کی تصدیق کے قابل ذکر شواہد نہیں ملے۔
وزیراعظم عمران خان اور ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے کہا تھا کہ کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے حکومت گرانے کی سازش کی تصدیق کی تھی۔
عمران خان جو افغانستان میں امریکی مداخلت پر برسوں تک تنقید کرتے رہے، نے حزب اختلاف کی جماعتوں پر غیر ملکی سازش کا حصہ ہونے کا الزام بھی لگایا تھا۔
عمران خان اور ڈپٹی سپیکر نے کہا تھا کہ پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی، ایک اعلیٰ پینل جس میں سویلین حکام کے ساتھ ساتھ ملٹری اور انٹیلی جنس سربراہان بھی شامل ہیں، نے ان کا تختہ الٹنے کی سازش کی تصدیق کی تھی۔