سوات کا فضل معبود جو دعوت افطار دے کر مایوس افراد کو امید کا پیغام دیتا ہے

سوات کا فضل معبود جو دعوت افطار دے کر مایوس افراد کو امید کا پیغام دیتا ہے
فضل معبود ایک سماجی کارکن ہیں اور چائلڈ لیبر کے خلاف سرگرم ہیں۔ سوات سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ فضل معبود رمضان کے مہینے میں ایسے افراد کے لئے افطاری کا اہتمام کرتے ہیں جو نشے کے عادی ہیں۔ فضل افطاری کے وقت لوگوں کو دریا کنارے لے جاتے ہیں اور وہاں اُن کے لئے افطاری کا اہتمام کرتے ہیں۔

رمضان کے مہینے میں جہاں لوگ افطاری کے لئے گھروں کا رخ کرتے ہیں اور اپنے بچوں کے لئے افطاری لے کر جاتے ہیں، فضل معبود گھر سے دور افطاری کا اہتمام کر کے ثواب کماتے ہیں۔ فضل معبود کہتے ہیں کہ وہ گزشتہ 7 سالوں سے رمضان کے مہینے میں ان افراد کے لئے افطاری کا اہتمام کرتے ہیں جس کی بدولت انہیں دلی سکون ملتا ہے۔

'ان دنوں میں ایک طرف گرمی ہے تو دوسری جانب لوڈشیڈنگ سے بھی لوگ پریشان ہیں، میں نا صرف ان لوگوں کے لئے افطاری کا اہتمام کرتا ہوں بلکہ ان کی ذہنی تربیت بھی کرتا ہوں'۔

فضل کے مطابق وہ روزانہ 20 سے 25 افراد کو دریا کے کنارے لے جاتا ہیں۔ وہ وہاں جا کر ان افراد کے ساتھ کھیلتا ہیں، ان کے ساتھ ورزش کرتے ہیں اور انہیں اس بات پر قائل کرتے ہیں کہ وہ زندگی سے پیار کریں اور نشے سے انکار کریں۔

'میں اس کام کو عبادت سمجھتا ہوں۔ اب تک میں نے جتنے بھی افراد کی ذہنی تربیت کی ہے ان میں زیادہ تر چور، نشئی اور دیگر تخریبی سرگرمیوں میں ملوث افراد تھے۔ میری اس کاوش سے متعدد افراد اب جرائم پیشہ سرگرمیوں سے دور ہو چکے ہیں اور اپنی محنت مزدوری کرتے ہیں جسے میں اپنی جیت تصور کرتا ہوں'۔

رمضان کے مہینے میں افطاری کا اہتمام کرنا کوئی غیر معمولی بات نہیں لیکن جو کام فضل کر رہے ہیں اس کے معاشرے پر بہت مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر فضل کی طرح دیگر لوگ بھی اس سوچ پر کام کریں اور ان بھٹکے ہوئے مایوس افراد کو معاشرے کا حصہ سمجھ کر ان کی فلاح و بہبود کے اقدامات اٹھائیں تو ہمارا معاشرہ بہتر ہو سکتا ہے۔

شہزاد نوید پچھلے پانچ سال سے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں قومی اور بیں الاقوامی نشریاتی اداروں کے لئے کام کر رہے ہیں۔