خیبر پختونخوا: رواں ہفتے کا احوال (29 جولائی تا 4 اگست)

09:09 PM, 5 Aug, 2018

نیا دور

2 نائب صوبیداروں کی گرفتاری، خیبر پختونخوا کی پولیس اور خاصہ دار فورس میں ٹکراؤ کا خدشہ


صوبائی دارالحکومت پشاور میں ایک مرتبہ پھر ریاست کے دو بڑے سیکورٹی اداروں کے مابین ٹکراؤ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ خیبر پختونخوا کی مثالی پولیس اور خیبر خاصہ دار فورس کے مابین ہونے والے تنازعہ میں دونوں فورسز ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے آ گئی ہیں۔ حیات آباد پولیس نے اختیارات کا ناجائز استعمال اور انتقامی کاروائی کرتے ہوئے خیبر خاصہ دار فورس کے دو حاضر سروس نائب صوبیداروں کو باوردی ہونے کے باوجود حراست میں لیا جبکہ سرکاری گاڑیاں بھی تحویل میں لے کر تھانے میں بند کر دیا جبکہ بعد ازاں ایک صوبیدار اور گاڑی کو رہا کر دیا گیا جبکہ دوسری گاڑی جس پر پولیٹیکل انتظامیہ کی سرکاری نمبر پلیٹ لگی ہے، اب بھی تحویل میں ہے۔ خاصہ دار فورس نے آئی جی پولیس خیبر پختونخوا سے واقعے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات کئی خدشات کو جنم دے سکتے ہیں۔






نوشہرہ: معروف سٹیج اداکارہ گلوکارہ ریشم شوہر کے ہاتھوں قتل


خیبر پختونخوا کی ایک اور معروف گلورہ کو ضلع نوشہرہ کے علاقہ حکیم آباد میں قتل کر دیا گیا ہے۔ مقتولہ کے بھائی نے اپنے بہنوئی فائدہ خان اور ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ریشم کے شوہر واقعے کے بعد فرار ہو چکے ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں میاں بیوی زیادہ تر دبئی میں مقیم ہوتے تھے اور حال ہی میں ان کے پاکستان آنے کے بعد گھریلوں ناچاقی چل رہی تھی لیکن بعد میں دونوں میاں بیوی کے درمیاں راضی نامہ بھی ہواتھا۔ ریشم کے بھائی عبیداللہ کے مطابق فائدہ خان کی پہلے سے تین بیویاں تھیں اور اس دن دونوں میاں بیوی ساس کی بیمار پرسی کے  لئے گئے تھے لیکن اس بہانے ریشم کو وہاں قتل کر دیا گیا۔ ملزم فائدہ خان اور معاون ملزم ڈاکٹر ہمایون کے خلاف اب تک گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔






ہیلی کاپٹر کیس: نیب خیبر پختونخوا نے عمران خان کو 7 اگست کو طلب کر لیا


نیب خیبر پختونخوا نے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کو ہیلی کاپٹر کیس میں 7 اگست کو طلب کر لیا ہے۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 74گھنٹے دو سرکاری ہیلی کاپٹراستعمال کیے اور اس حوالے سے پوچھ گچھ کے لئے انہیں ذاتی حیثیت میں 7 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔ نیب حکام کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور ایوی ایشن کے بیانات پہلے ہی قلمبند کیے جا چکے ہیں۔ یاد رہے چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے عمران خان کی جانب سے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کا 2 فروری کو نوٹس لیا تھا۔






خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس پھیلنے کا خدشہ، محکمہ صحت کا الرٹ


مون سون کے پیش نظر خطرہ بڑھ گیا، گائیڈ لائنز جاری، متعلقہ محکموں کو روک تھام کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت


ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کی جانب سے جاری ڈینگی الرٹ کے مطابق مون سون کی حالیہ بارشیں پانی کھڑا ہونے کا سبب بن رہی ہیں جبکہ درجہ حرارت میں بھی کمی آ گئی ہے جس کی وجہ ڈینگی مچھروں کی افزائش کے لئے سازگار ماحول فراہم ہو رہا ہے، ڈینگی مچھر دفاتر، کاروباری مراکز، تھانے، زیر تعمیر عمارتوں، پارک اور ہسپتالوں وغیرہ میں کھڑے صاف پانی میں نشوونما پاتے ہیں۔ ڈینگی الرٹ کے مطابق برتنوں، گملوں، ٹائر، بند نالے، زیر تعمیر عمارتوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں جبکہ سوئمنگ پولز اور فواروں سے پانی کے نکاس کو یقینی بنایا جائے۔ شہریوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ ڈینگی مچھر خصوصی طور پر طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کے وقت کاٹتے ہیں لہٰذا احتیاطی تدابیر جیسے مکمل آستینوں والی قمیص و موزے پہننا، لوشن و سپرے کا استعمال، مچھردانی کا استعمال، ٹنکوں کو ڈھانپنے، ڈرم بالٹیوں اور ائرکولر میں پانی جمع نہ ہونے اور تعمیراتی مقامات پر پانی ذخیرہ نہ کرانا اپنائی جائیں۔






عدالت عالیہ کے اختیارات قبائلی اضلاع تک بڑھانے کے لئے تیار ہیں، رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ


عدالت عالیہ کے اختیارات قبائلی اضلاع تک بڑھانے لے لئے تیار ہیں، قبائلی اضلاع تک اختیارات کے لئے ہمارے پاس تمام سہولیات اور وسائل پورے ہیں تاہم عدالتوں کے دائرہ اختیار بڑھانے کا فیصلہ اب حکومت نے کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار رجسٹرار پشاور خواجہ وجیہہ الدین نے میڈیا کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ستمبر سے شروع ہونے والے جوڈیشل سال 2018 کو پرفارمنس سال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال تمام کیسز نمٹانے کی بھر پور کوشش کی جائے گی۔ اس سال ہر جج مہیںے میں کم از کم 75 اپیلوں کا فیصلہ کرے گا اور اس سے کم کیسز کی سماعت کرنے پر مذکورہ جج کی کارگردگی غیر تسلی بخش قرار دی جائے گی۔ انہوں نے کہا اس وقت ہمارے پاس 1 لاکھ 80 ہزار 62 سول کیسز اور 72 ہزار 721 کریمنل کیسز ہیں جبکہ 416 کورٹس اس وقت فنکشنل ہیں۔

مزیدخبریں