ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ کیس میں عمران خان کو نوٹس جاری

02:46 PM, 5 Aug, 2022

نیا دور
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو نوٹس جاری کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان کو 23 اگست کیلئے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ کاز لسٹ کے مطابق الیکشن کمیشن 23 اگست کی صبح 10بجے کیس کی سماعت کرے گا۔

اس کے علاوہ پاکستان ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کی روشنی میں عمران خان کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں دائر ریفرنس پر بھی عمران خان کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

اس معاملے پر الیکشن کمیشن نے عمران خان کو 18 اگست کو طلب کیا ہے۔ عمران خان کے خلاف نااہلی ریفرنس کی سماعت اس روز ہوگی۔ عمران خان کو 18 اگست کیلئے نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز یہ ریفرنس رہنما مسلم لیگ ن محسن شاہنواز رانجھا نے الیکشن کمیشن میں جمع کرایا تھا۔ ریفرنس پر دیگر ارکان قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ، آغا حسن بلوچ ،صلاح الدین ایوبی، علی گوہر اور سعد وسیم شیخ کے دستخط ہیں۔
مزیدخبریں