ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے امریکی سفیر سے ملاقات کرکے اور گاڑیاں لے کر امریکی غلامی نامنظور کے عمرانی بیانیہ سے ہوا نکال دی ہے۔ جب سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آیا ہے عمران خان بار بارکہہ رہے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی نیوٹرلز کے کہنے پر کی ہے۔ اگر ہمت ہے تو کھل کر نیوٹرل کا نام لیں کہ کیا جنرل باجوہ نے آپ کو کہا تھا کیا جنرل فیض حمید نے؟
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں پچیس پچیس ہزار پر سوشل میڈیا میں لوگ رکھے ہوئے ہیں جو کہ اداروں اور فوج کے خلاف مہم چلاتے ہیں۔ خیبر پختونخوا حکومت نے تین ارب کا بجٹ سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کے لیے رکھا ہوا ہے اور وہ پیسہ اداروں کے خلاف استعمال ہو رہا ہے۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے امریکی سفیر سے ملاقات کے بعد رجیم چینج کا بیانیہ ختم کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب سے تحریک عدم اعتماد آئی ہے، اس کے بعد سے یہ لوگ اپنی پوزیشن تبدیل کرتے رہے ہیں۔ ملک کی نوجوان نسل کو گمراہ کیا گیا۔ مخالفین پر جتھوں کے ذریعے حملے کروائے جاتے رہے۔ ان کے جتھوں نے پی ٹی وی پر حملہ کیا۔ پی ٹی آئی کے لوگ پارلیمنٹ کے گیٹ پر حملہ آور ہوئے۔ عمران خان کی انتشار کی سیاست نے ملک کو عالمی سطح پر اکیلا کر دیا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ٹرولز کے ذریعے ملکی اداروں اور شخصیات کو گالیاں دی جاتی ہیں۔ ان کے حق میں فیصلہ آئے تو ٹھیک اور اگر خلاف آئے تو فیصلہ غلط ہوتا ہے۔
ملک احمد خان نے مزید کہا کہ سیلاب زدگان کے لئے دلی افسوس ہے۔ حکومتی حکام اور وزیراعظم متاثرہ علاقوں کے دورے پر ہیں۔ حکومت متاثرہ لوگوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ پوری قوم متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دنوں ایک ہیلی کاپٹر کا حادثہ ہوا۔ کور کمانڈر کوئٹہ سمیت اعلیٰ فوجی حکام اس میں شہید ہوئے۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید افراد کے خاندانوں سے تعزیت کرتا ہوں۔ سمجھ نہیں آتی کہ کس طرح کچھ لوگ اس واقعے کو کوئی اور رنگ دے رہے ہیں۔ جنہوں نے اس آگ کو بھڑکایا ہے، وہ اس کے ذمہ دار ہیں۔ اتنا بڑا نقصان ہوا ہے اور اس جنازے میں صدر مملکت نہیں گئے۔ کہا گیا کہ یہ وہ شہید ہوئے ہیں جو رجیم چینج کا حصہ تھے، ایسی سوچ پر حیرت ہوتی ہے۔
ملک احمد خان نے کہا کہ دوسری طرف ہم نے دیکھا کہ محمود خان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امریکی سفیر سے مل رہے ہیں اور وزیر اعلیٰ ساتھ کچھ امداد لے رہے ہیں۔ وہ امریکی مخالفت اور رجیم چینج والا بیانیہ کہاں گیا؟ جب سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آیا عمران خان نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی نیوٹرل کے کہنے پر کی۔ عمران خان بار بار نیوٹرل کا کہہ رہے ہیں۔ اگر ہمت ہے تو نیوٹرل کا نام لیں۔ اگر جرات ہے تو نام لیں کیا جنرل باجوہ نے آپ کو کہا تھا کیا جنرل فیض حمید نے آپ کو کہا تھا؟ آپ کے کہنے پر آپ کے جتھوں نے پی ٹی وی پر حملہ کیا۔ آپ کے کہنے پر آپ کے لوگ پارلیمنٹ کے گیٹ پر حملہ آور ہوئے دوبارہ کہوں گا کہ آکر بتائیں کہ کس نیوٹرل نے آپ کو کہا تھا نام لے کر بتائیں کہ کس نیوٹرل نے آپ کو ایسا کہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مخالف فیصلوں پر بوکھلا جاتی ہے۔ پی ٹی آئی سوشل ایکٹوسٹ ججوں اور اداروں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں پچیس پچیس ہزار پر سوشل میڈیا میں لوگ رکھے ہوئے ہیں۔ آپ کے ٹرولز اداروں اور فوج کے خلاف مہم چلاتے ہیں۔ ججوں، فوجیوں اور مخالف جماعتوں کے بچوں کو ڈھونڈ کر ان کے خلاف منظم مہم چلائی جاتی ہے۔