عمران خان کو توشہ خانہ فوجداری کیس  میں گرفتار کر لیا گیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرکے ابتدائی طور پر کوٹ لکھپت جیل میں رکھا جاسکتا ہے۔ اس کے بعد انہیں اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

01:29 PM, 5 Aug, 2023

نیا دور

عدالت کی جانب سے توشہ خانہ فوجداری کیس میں تین سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو زمان پارک لاہور سے گرفتار کر لیا گیا۔

عدالتی حکم کے بعد پولیس کی نفری لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچی۔ عدالت نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو گرفتار کرنے کے بعد کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ اس کے بعد انہیں اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو گرفتار کیے جانے کی تصدیق کر دی ہے ۔ عمران خان کو گرفتاری کے بعد اسلام آباد لے جایا جائے گا، جہاں ان کو جیل میں رکھنے کیلئے  انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں سیکورٹی ہائی الرٹ

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

اسلام آباد سیشن عدالت کی جانب سے توشہ خانہ فوجداری کیس میں عمران خان کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ اگر عمران خان نے 1 لاکھ روپے جرمانہ ادا نہ کیا تو 6 ماہ کی مزید قید بھگتنا ہوگی۔

عمران خان کی گرفتاری کے عدالتی حکم کے بعد وفاقی پولیس کی جانب سے اسلام آباد میں سیکورٹی سخت کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے مختلف ناکوں پر اضافی نفری تعینات کردی گئی۔ ایف سی اور رینجرز اہلکاروں نے مرکزی شاہراہوں میں گشت شروع کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے شہر میں سرگرم سیاسی کارکنان کی فہرستیں مرتب کی گئی ہیں۔ ممکنہ احتجاج کی صورت میں کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن کا امکان ہے۔

مزیدخبریں