پسند کی شادی کرنیوالے جوڑے کو مبینہ جرگہ منعقد کر کے قتل کرنے کا فتویٰ دینے کا ایس ایس پی سکھر نے نوٹس لے لیا۔ سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ بیراج کالونی کے رہائشی پسند کی شادی کرنیوالے محمد عثمان اور کنول خاتون نے سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کر کے الزام عائد کیا تھا کہ بااثر شخص نے جرگہ منعقد کر کے ہمیں کاروی کاری کے الزام میں قتل کرنے کا فتویٰ دیا ہے اور ہمارے گھر پر قبضہ کر لیا ہے۔
گودام میں پڑی ایک کروڑ 70 لاکھ بوری گندم کی فروخت شروع، محکمہ فوڈ سندھ نے 1350 روپے فی من خریدی، 1300 روپے میں فروخت ہوگی
سانگھڑ، سندھ حکومت نے سرکاری گوداموں میں گذشتہ دو سیزن کی پڑی ہوئی ایک کروڑ 70 لاکھ گندم کی بوریوں کی فروخت شروع کر دی ہے، جس کے لئے دو ارب روپے سے زائد کی سبسڈی دی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق سندھ کے سرکاری گوداموں میں گذشتہ دو سال سے ایک کروڑ 70 لاکھ سے زائد گندم کی بوریاں موجود ہیں۔ اس گندم کو اس لئے خریدا جا رہا ہے کیونکہ اوپن مارکیٹ میں گندم 1300 روپے فی من سے کم ریٹ پر دستیاب ہے جبکہ محکمہ فوڈ نے یہ گندم 1350 روپے فی من کے حساب سے خریدی ہے۔ بار دانہ اور مزدوری کے اخراجات اس کے علاوہ ہیں۔ ضلع سانگھڑ کے سرکاری گوداموں میں 17 لاکھ سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی گندم کی بوریاں موجو ہیں جبکہ اس سال بھی 5 لاکھ ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کی گئی ہے۔ زرعی ماہرین کو توقع ہے کہ اس بار 40 من فی ایکڑ کی پیداوار ہوگی، سندھ حکومت نے مذکورہ گندم 1300 روپے فی من کے حساب سے اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد سانگھڑ سمیت سندھ بھرمیں گندم کی فروخت کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ محکمہ خوراک سانگھڑ کے انچارج منور آرائیں کا کہنا ہے کہ گندم کی نئی پیدوار آنے سے قبل سرکاری گوداموں میں موجود گندم فروخت ہو چکی ہوگی۔
دس سال بعد شاہ لطیف ایکسپریس میرپور خاص پہنچ گئی، شاندار استقبال، ڈرائیور کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے
دس سال بعد شاہ لطیف ایکسپریس ٹرین میرپور خاص پہنچ گئی۔ شاہ لطیف ایکسپریس کے میرپور خاص ریلوے سٹیشن پہنچنے پر ایم این اے سید علی نواز شاہ، پی ٹی آئی کے رہنما راجہ ملک عبدالحق، ملک عبدالغفار، آفتاب قریشی، حمید راجپوت، جماعت اسلامی کے ظفر اقبال، عبدالرشید و دیگر نے شاندار استقبال کیا اور گل پاشی کی۔ اس موقع پر شہریوں اور مسافروں میں منوں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ ریلوے سٹیشن پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی نواز شاہ نے کہا کہ میرپور خاص ڈویژن کے لاکھوں عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ میرپور خاص، کراچی اور حیدر آباد کے درمیان مسافر ٹرین چلائی جائے، آج ہم نے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا۔ ملک راجہ عبدالحق نے کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان اور وزیر ریلوے شیخ رشید کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ٹرینوں کی بحالی سے ٹرانسپورٹ مافیا کی من مانیاں ختم ہوں گی اور میرپور خاص کے تاجروں کو بھی فائدہ ہوگا۔ آج پہلے روز ہی شاہ لطیف ایکسپریس سے 216 مسافروں نے سفر کیا ہے۔ اور اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ ادھر سکھر سے سندھ ایکسپریس نے اپنے پہلے سفر کا آغاز کر دیا اور بڑی تعداد میں مسافروں کو لے کر کراچی روانہ ہو گئی۔ ٹرین روہڑی، خیرپور، گمبٹ، رانی پور، محراب پور، بھریا روڈ، پڈعیدن، باندھی، نواب شاہ، سرہاری، شہدا پور، ٹنڈو آدم، حیدرآباد، لانڈھی اور ڈرگ روڈ سے ہوتے ہوئے کراچی کینٹ سٹیشن پہنچے گی۔ سندھ ایکسپریس کا بھریار روڈ اور پڈ عیدن پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔
ٹنڈوالہ یار ٹنڈوجام جانیوالی پائپ لائن سے پیٹرول کی چوری، پیٹرول چوری کرنیوالے آئل ٹینکروں میں آگ بھڑکنے سے گنے کی فصل جل کر راکھ بن گئی
تفصیلات کے مطابق ٹنڈوالہیار کے علاقے چمڑ روڈ سے ٹنڈو جام کنر آئل فیلڈ جانے والی 12 انچ پائپ لائن جو تقریباً 22 کلومیٹر ہے سے براہ راست پیٹرول کی چوری کا انکشاف اس وقت ہوا جب بکیرا روڈ ڈی فارم کے مقام پر رات کے تیسرے پہر پیٹرول چوری کرنے والے ٹینکر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے چند ہی لمحوں میں آئل ٹینکر اور 25 ایکڑ سے زائد گنے کی فصل کو اپنی لپیٹ میں لیکر راکھ کے ڈھیر میں بدل دیا۔ اچانک آگ لگنے سے دو افراد اسحاق اور فیصل جن کا تعلق کراچی سے بتایا جاتا ہے بری طرح جھلس گئے۔ کنر آئل فیلڈ کے منیجر فیاض میمن نے بتایا کہ پیڑول چوری سے متعلق پولیس تحقیقات کر رہی ہے، اگر چوری میں محکمے کا کوئی فرد ملوث ہوا تو اسکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
دھابیجی، منشیات اور گٹکا فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، میرپور ساکرو، پولیس نے مسافر وین سے 500 گرام چرس اور گٹکے کی پڑیاں قبضے میں لے لیں
دھابیجی، میرپور ساکرو اور دھابیجی پولیس نے منشیات اور گٹکا فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بڑی تعداد میں منشیات اور گٹکے میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق دھابیجی پولیس نے قومی شاہراہ پر سنیپ چیکنگ کے دوران ایک ٹرک سے 130 بوری چھالیہ، 30 بوری گٹکے میں استعمال ہونے والا چورا، 30 بوری تمباکو پتی برآمد کر کے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ایک کار سے 4 بوری چورا بر آمد کر کے ایک ملزم کو حراست میں لے لیا۔ میرپورساکرو پولیس نے ابراہیم حیدری سے گھارو جانے والی مسافر وین سے 500 گرام چرس اور 5 ہزار سے زائد تیار گٹکے کی پڑیاں برآمد کر کے 3 افراد کو دھر لیا۔ جب کہ ایک کارروائی میں ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1015 گرام چرس برآمد کر لی۔