لاہور: بیوی سے لڑائی، شوہر نے 9 ماہ کی بیٹی کو چھت سے پھینک کر مار دیا

06:37 AM, 5 Dec, 2019

نیا دور
لاہور کے علاقے والٹن روڈ میں رہائش پذیر میاں بیوی کی درمیان ہونے والی تلخ کلامی معصوم بچی کی جان لے گئی۔ باپ نے اپنی ہی بیٹی کو قتل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے والٹن روڈ پر شوہر نے بیوی سے لڑائی کے بعد 9 ماہ کی بچی کو چھت سے نیچے پھینک کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق والدہ نے بیان دیا کہ شوہر نوید کے بہنوئی سنی پطرس گھر آئے ہوئے تھے، اس دوران بچی نے رونا شروع کر دیا جس پر پطرس نے پوچھا کہ بچی کیوں رو رہی ہے۔

بچی کی والدہ نے پولیس کو مزید بتایا کہ سنی پطرس کے پوچھنے پر میں نے از راہ مذاق کہہ دیا کہ بچی آپ کی موجودگی کی وجہ سے رو رہی ہے جس پر میرے شوہر اور  پطرس ناراض ہو گئے اور  مجھ سے جھگڑنے لگے۔

خاتون کے بیان کے مطابق جب جھگڑا بڑھ گیا تو دونوں افراد بچی کو چھت پر لے گئے اور نیچے پھینک دیا جس کے نتیجے میں بچی زخمی ہوئی جسے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔

پولیس نے بتایا کہ والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
مزیدخبریں