جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف دائر ریفرنس کے فیصلے پر دائر نظر ثانی کی درخواست سماعت کیلئے منظور

10:45 AM, 5 Dec, 2020

نیا دور

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے صدارتی ریفرنس میں دیے گئے عدالتی فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سرکاری عہدے داروں نے میرے اور اہل خانہ کے خلاف پروپیگنڈہ مہم چلائی، ایف بی آر کی رپورٹ نہ مجھے نہ اہلیہ کو فراہم کی گئی، ایف بی آر رپورٹ بھی ریفرنس کی مانند گمراہ کن پروپیگنڈہ کے لیے میڈیا کو لیک کی گئی، ایف بی آر کی رپورٹ سے میں اور اہلیہ متاثر ہو سکتے ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ 19 جون 2020کے فیصلے کے پیرا گراف 2 تا 11 پر نظر ثانی کر کے واپس لیا جائے، جون کے فیصلہ سے عدلیہ کی آزادی کو ایگزیکٹو کے ہاتھ میں دے دیا گیا، اور عدلیہ کی آزادی ایگزیکٹو کے ہاتھ میں دینا آئین کے خلاف ہے۔

انہوں نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ فیض آباد دھرنا کیس کے بعد ایم کیو ایم، پی ٹی آئی نے درخواستوں میں عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا، سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا نجی طور پر ریفرنس کا بتانے کا مقصد استعفیٰ لینا تھا، سپریم کورٹ نے سپریم جوڈیشل کونسل کے تعصب بارے درخواست کے دوسرے حصے کی سماعت نہیں کی۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کے کئی عہدے داروں کی بیرون ملک جائیدادیں ہیں، علم نہیں کہ انہوں نے جائیدادوں کو پاکستان میں اپنے ٹیکس ریٹرنز میں ظاہر کیا یا نہیں، ان عہدیداروں میں سید ذوالفقار عباس بخاری، شہزاد اکبر، یار محمد رند، ندیم بابر، عاصم سلیم باجوہ، شہباز گل شامل ہیں، فیصل واوڈا اور عثمان ڈار شامل ہیں۔


انہوں نے اپنی درخواست میں بتایا کہ ذوالفقار عباس بخاری کی 45 ولنگٹن روڈ لندن میں فلیٹ نمبر 3 جائیداد ہے، یار محمد رند کی سپرنگ ریذیڈنشل ولا اور انٹرنیشنل سٹی دبئی میں جائیداد ہے، ندیم بابر کا ہیوسٹن امریکا میں گھر ہے، شہباز گل کا امریکا میں گھر ہے۔

ان کا یہ بھی بتانا تھا کہ عاصم سیلم باجوہ کی اہلیہ کی امریکا میں 13 کمرشل اور 5 رہائشی جائیدادیں ہیں، فیصل واوڈا کی بیرون ملک 9 جائیدادیں ہیں، فیصل واوڈا کی لندن میں 7، ملائشیا اور دبئی میں ایک ایک جائیداد ہے جب کہ عثمان ڈار کی برطانیہ کے شہر برمنگھم میں جائیداد ہے، شہزاد اکبر کی لندن میں جائیداد ہے اور ان کی اہلیہ کا اسپین میں ایک فلیٹ ہے۔

اپنی درخواست میں قاضی فائز عیسیٰ نے مطالبہ کیا کہ جسٹس یحیٰی آفریدی کے فیصلے کی روشنی میں میری درخواست کو قابل سماعت قرار دیا جائے، جسٹس مقبول باقر، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس یحیٰی آفریدی کو بھی بینچ کا حصہ بنایا جائے، اور درخواست کی سماعت ٹی وی پر لائیو نشر کرنے کا حکم دیا جائے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے دائر نظر ثانی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر لی گئی ہے۔ جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 6 رکنی بینچ 8 دسمبر کو سماعت کرے گا جب کہ جسٹس قاضی نے بینچ میں دیگر 3 ججز جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحیی آفریدی،جسٹس مقبول باقر کو شامل کرنے کی ضمنی درخواست بھی کر رکھی ہے۔
مزیدخبریں