سائفر کیس: 'جنرل باجوہ عمران خان کیخلاف عدالت میں بطور گواہ پیش ہونے کو تیار ہیں'

تجزیہ کار نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) قمر جاوید باجوہ سائفر کیس میں بطور گواہ عدالت میں پیش ہونے کو تیار ہیں تاہم امریکی معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے بیورو ڈونلڈ لو اور کسی دوسرے امریکی سفارت کار کو پاکستان کی کوئی عدالت طلب نہیں کر سکتی کیونکہ انہیں سفارتی استثنیٰ حاصل ہے۔

05:13 PM, 5 Dec, 2023

نیا دور

سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) عمران خان کو ایک اور دھچکا لگنے والا ہے کیونکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) قمر جاوید باجوہ سائفر کیس میں بطور گواہ عدالت میں پیش ہونے کو تیار ہیں اور وہ اپنے بیان میں سارا کچا چٹھا کھول دیں گے۔

نیا دور ٹی وی پر ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار مزمل سہروردی نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر قمر جاوید باجوہ کو طلب کیا گیا تو وہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے تیار ہیں اور اس کے لیے انہوں نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) سے اجازت بھی مانگ لی ہے۔

تجزیہ کار نے کہا کہ امریکی معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے بیورو ڈونلڈ لو اور کسی دوسرے امریکی سفارت کار کو پاکستان کی کوئی عدالت طلب نہیں کر سکتی کیونکہ انہیں سفارتی استثنیٰ حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ان پر منحصر ہے کہ آیا وہ عدالت کے سامنے پیش ہونا چاہتے ہیں یا نہیں؟

عمران خان کے نکاح کی تقریب میں پہلی بار اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کا چہرہ دیکھنے کے بیان پر بات کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے کہا کہ عمران خان جھوٹا ہے اور  یہ سب جانتے ہیں۔

تجزیہ کار نے کہا کہ نہ اسٹیبلشمنٹ اور نہ ہی کوئی سیاسی جماعت عمران خان سے بات کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز اور احسن اقبال کے درمیان تنازع کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کار نے کہا کہ دانیال نے 'ریڈ لائن' کراس کر کے پارٹی پر تنقید کا سہارا لیا۔ دانیال کو اس کے نقطہ نظر کے لئے معافی مانگنی پڑے گی بصورت دیگر ان کی پارٹی رکنیت منسوخ کر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بہت کم لوگوں کو یقین ہے کہ دانیال یہ سب منصوبہ بندی کے مطابق کر رہے ہیں، کیونکہ وہ آزاد امیدوار کے طور پر آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔

پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور ان کے بیٹے علی ریاض کے خلاف وارنٹ جاری کرنے کے حوالے سے سوال پر مزمل سہروردی نے کہا کہ جلد ہی باپ بیٹے کے بھی ریڈ وارنٹ جاری کیے جائیں گے اور وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے دبئی چھوڑ کر پرتگال جیسے ملک میں شفٹ ہو سکتے ہیں۔

تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے خیبرپختونخوا میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق کیا۔

مزیدخبریں