برطانوی شہری محمد ملک نے رشتے کی تلاش کیلئے بِل بورڈز لگادیے

برطانوی شہری محمد ملک نے رشتے کی تلاش کیلئے بِل بورڈز لگادیے
29 سالہ محمد ملک نے رشتے کی تلاش کے لیے انگلینڈ میں بِل بورڈز لگادیے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد ملک انگلینڈ کے شہر برمنگھم کے رہائشی ہیں جو ایک انوویشن کنسلٹنٹ ہونے کے ساتھ اپنا کاروبار بھی کرتے ہیں، انہوں نے مختلف مقامات پر بل بورڈز لگائے ہیں جس پر ان کی تصویر موجود ہے۔

بل بورڈز پر ناصرف شہری نے اپنی تصویر لگوائی بلکہ اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ انہیں ارینج میریج سے بچایا جائے۔

محمد ملک نے معقول رشتے کی تلاش کے لیے ویب سائٹ بھی بنائی ہے ، اس ویب سائٹ کا نام انہوں نے مالک وائف ڈاٹ کام رکھا ہے جس میں انہوں نے ویب سائٹ کو تشکیل دینے کا مقصد واضح کیا۔

https://youtu.be/buhz4OnuPZ0

محمد ملک کی جانب سے دی گئی تفصیلات کے مطابق انہیں ایک ایسی ساتھی کی ضرورت ہے جس کا مذہب مسلم ہو اور وہ اپنی روایات اور مذہب کو اچھے طریقے سے لے کر چلے۔

انہوں نے کہا کہ ’لڑکی کا تعلق کسی بھی ذات یا خاندان سے ہو، اس معاملے میں مجھے کسی قسم کی پریشانی نہیں لیکن میرا تعلق پنجابی خاندان سے ہے‘۔

انہوں نے لڑکی کی خصوصیات کے حوالے سے لکھا کہ شخصیت اور اس کا ایمان اہم ہیں۔

محمد ملک نے اپنی ویب سائٹ پر یہ بھی کہا کہ ’میں اپنے والدین کی اکلوتی اولاد ہوں اس لیے میری بیوی کو میرے ماں باپ کا خیال رکھنا ہوگا، میں نے لڑکی ڈھونڈنے کے لیے اس طریقے کا انتخاب اس لیے کیا کیونکہ رشتہ ڈھونڈنے کے لیے رشتہ آنٹی والا روایتی طریقہ مجھے راس نہیں آرہا تھا‘۔