چینی بحران کے مرکزی کردار جہانگیر ترین اپنے بیٹے علی ترین کے ہمراہ لندن روانہ

12:48 PM, 5 Jun, 2020

نیا دور
چینی بحران کے مرکزی کردار جہانگیر ترین اپنے بیٹے علی ترین کے ہمراہ لندن روانہ ہو گئے ہیں۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں روس سے آنے والے خصوصی طیارے میں لندن روانہ ہوئے ہیں۔ جہانگیر ترین اور علی ترین کا انٹرنیشنل روانگی لاؤنج میں کرونا میڈیکل چیک اپ کیا گیا جس کے بعد دونوں روس سے آنے والے خصوصی طیارے میں لندن روانہ ہوئے۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن کے ہیلتھ کاؤنٹر پر موجود میڈیکل ٹیم نے ان کے پہنچنے کے بعد ان کا کرونا ٹیسٹ کیا جو کلیئر ہونے کی صورت میں انہیں جانے کی اجازت دے دی گئی۔

علی ترین کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ روانگی کی اطلاع ملنے کے بعد وہ آج صبح لاہور سے ایک خصوصی پرواز میں اسلام آباد گئے تھے، جہاں سے وہ اپنے والد کے ہمراہ لندن روانہ ہوئے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین کا کہنا ہے کہ قیاس آرائیاں کرنے والے بے فکر رہیں، طبی معائنے کے لئے برطانیہ آیا ہوں، جلد واپس آؤں گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں جہانگیر خان ترین نے اپنے دورہ برطانیہ پر وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ میڈیا میں میرے دورہ برطانیہ کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قیاس آرئیاں کرنے والے بے فکر رہیں، پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔ مجھے سال میں 2 بار چیک اپ کے لئے برطانیہ آنا ہوتا ہے، انشاالله معمول کا چیک اپ مکمل کر کے جلد پاکستان لوٹوں گا۔
مزیدخبریں