صدی کی بہترین گیند کرانے والا جادوئی باؤلر، 'شین وارن' اتنی جلدی کیا تھی؟

08:19 AM, 5 Mar, 2022

حسنین جمیل
'بولنگ وارن' جب وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ وکٹوں کے عقب سے یہ جملہ بولتا تھا تو اپنی بولنگ کریز سے تھوڑا آگے کھڑا دنیائے کرکٹ کا عظیم ترین لیگ سپنر شین وارن اسے مسکرا کر دیکھتا تھا، اب یہ مسکراہٹ صرف ہمارے حافظے میں نقش ہو کر رہ جائے گی۔

شین وارن صرف 52 سال کی عمر میں حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گیا، 'یار اتنی جلدی کیا تھی'؟ انہوں نے ابھی صرف دو دن قبل اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی تصویر لگائی تھی جب وہ تھائی لینڈ کے ساحل سمندر پر کھڑے ہوئے تھے، بہت سمارٹ اور فٹ لگ رہے تھے، کسی پتہ تھا کہ شین وارن صرف دو دن بعد دنیا بھر میں اپنے مداحوں کو اتنا بڑا صدمہ دے دو گے۔

شین وارن ایک عظیم لیگ سپنر تھا، عبدالقادر نے جہاں لیگ سپین بولنگ کا فن چھوڑا تھا وارن اس فن کو بہت ہی آگے لے گیا۔ عبدالقادر کو بھی اسے دیکھنے کے لیے گردن گھمانا پڑی۔ مائیک گنٹنگ کو اس نے ایک لیگ بریک ڈالی تھی جو لیگ اسٹیمپ سے باہر پڑی اور گھوم کر آف اسٹمپ آئی، اس بال کو بال آف دی سنچری قرار دیا گیا۔

پھر ایک بار باسط علی کو لیگ سپین پر چکرایا جب لیگ اسٹمپ سے باہر گیند کو اس نے پیڈ کرنے کی کوشش کی تو بال پشیت سے ہوتی ہوئی بولڈ کر گئی،وارن نے جب بھارت کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تو وہ ایک عام سا بولر لگا مگر جب وہ ڈراپ ہو کر دوبارہ واپس آیا تو وہ کوئی اور ہی شین وارن تھا۔ بال اسکے ہاتھ پھرکی کی طرح نکل کر پچ پر گرتا تھا۔

شین وارن نے 145 ٹیسٹ میچ 708 وکٹیں، 194 ون ڈے 293 وکٹیں،301 فسٹ کلاس کرکٹ میچ 1319 ،ٹیسٹ کرکٹ میں 37 دفعہ پانچ سے زائد وکیٹں اور 10 دفعہ 10 سے زائد آؤٹ کیے۔

شین وارن کا ون ڈے کرکٹ کیرئیر وقت سے پہلے ختم ہو گیا تھا ورنہ اس کی ون ڈے میں وکٹوں کی تعداد 500 تک ہوتی، 2003 کے ورلڈ کپ کے دروان ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد جب اس پر ایک سال کی پابندی عائد ہوئی تو پھر واپس آنے کے بعد اس نے ون ڈے کرکٹ چھوڑ دی، اگر ایک سال کا گیپ نہ ہوتا تو آج اس کی ٹیسٹ کرکٹ میں بھی وکٹوں کی تعداد 800 سے زائد ہوتی۔

شین وارن نے لیگ سپین بولنگ کو نئی جہتوں سے روشناس کرایا اور دنیا میں لیگ سپین بولنگ کو عروج کے ساتواں آسمان پر لے گیا، وہ نہ صرف ایک عظیم الشان لیگ سپنر تھا بلکہ بہت اچھا انسان بھی تھا، زمبابوے کا پال سٹرلنگ ہو پاکستان کا یاسر شاہ یا افغانستان کا راشد خان سب کی حوصلہ افزائی کرتا تھا، حرف آخر یہ ہی لکھوں گا یار شین وارن اتنی جلدی کیا تھی۔
مزیدخبریں