سرکاری خرچے پر بیرون ملک گئے 68 پی ایچ ڈیز مفرور، 42 لیکچررز ناکام، 1 ارب کا نقصان

10:28 AM, 5 Nov, 2020

نیا دور
دی نیوز میں شائع ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کی سرکاری جامعات کے 68 لیکچرار جو سرکاری اخراجات پر پی ایچ ڈی کرنے بیرون ملک گئے ، واپس نہیں آئے ، جب کہ دیگر 42 اپنی تعلیم مکمل کیے بغیر ہی واپس آگئے۔

مفرور اور ناکام ملازمین نے قومی خزانے کو تقریبًا1 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا ہے۔ بیرون ملک پی ایچ ڈی کرنے کی قیمت 10 سے 15 ملین روپے تک ہے جو پاکستانی 1 سے ڈیڑھ کروڑ بنتی ہے۔  ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور متعلقہ یونیورسٹیوں نے 25 فیصد جرمانے کے ساتھ ساتھ ان پر خرچ کی جانے والی کل رقم کی وصولی کے لئے قانونی کارروائی کا آغاز کیا ہے تاہم صرف ایک یا دو اداروں میں سے کچھ رقم کی وصولی میں کامیابی ہوئی ہے۔

رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017 کے تحت فراہم کردہ ایچ ای سی کے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ، خیبر پختونخوا میں سرکاری جامعات نے گذشتہ 10 سالوں کے دوران 734 اسسٹنٹ پروفیسرز اور لیکچررز کو بیرون ملک پی ایچ ڈی کی تعلیم کے لئے اسکالرشپ پر بھیجا۔ کل میں سے 550 اسکالرز اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد واپس آئے ہیں ، جبکہ 68 مفرور ہیں ، 42 ڈگری مکمل کرنے میں ناکام رہے ہیں جبکہ 74 اب بھی بیرون ملک مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں۔ مفرور اساتذہ کے خلاف کچھ مقدمات مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں ، جبکہ باقی مقدمات کے اندراج کے لئے ایف آئی اے اور پولیس کو بھیج دیئے گئے ہیں۔ تاہم ایچ ای سی نے اس بارے میں مزید کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

اطلاعات کے مطابق شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی  پشاور سے 10 فیکلٹی ممبران کو پی ایچ ڈی کے لئے بیرون ملک بھیجا گیا ، لیکن ان میں سے کچھ اپنی تعلیم مکمل نہیں کرسکے ، جبکہ کچھ غائب ہوگئے جبکہ ان کی 136.1264 ملین روپے کی رقم بقایا ہے۔ ان اخراجات میں ٹیوشن فیس ، وظیفہ ، ہوائی ٹکٹ اور 25 فیصد جرمانہ شامل ہے۔خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے ڈاکٹر بشرا کمال اور ڈاکٹر فہیم الرحمٰن کو مفرور قرار دے دیا ہے ، لیکن زیادہ دیر تک ان سے کوئی رقم وصول کرنے میں ناکام رہا۔ کم از کم ، دونوں سے 20 ملین روپے کی وصولی باقی ہے۔

اسلامیہ کالج یونیورسٹی  پشاور نے عالمگیر خان اور محمد رشید کو ملازمت سے برخاست کردیا ہے اور دونوں کو غائب ہوکر واپس یونیورسٹی نہ آنے پر ان کے خلاف 20 ملین روپے سے زائد کی بازیابی کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں دونوں لیکچررز سے رقم کی وصولی کی نشاندہی کی گئی ہے۔شہید بینظیر یونیورسٹی شیرنگل اور اپر دیر  کے ریکارڈ سے انکشاف ہوا ہے کہ دو لیکچرر جاوید اقبال اور بشریٰ حمید 2014 اور 2015 میں باہر گئے تھے ، لیکن تعلیم مکمل کرنے کے بعد بھی واپس نہیں آئے ہیں۔ تاہم ، یونیورسٹی ذرائع نے دعوٰی کیا ہے کہ انہوں نے یونیورسٹی واپس آنے کے لئے حال ہی میں حکام سے رابطہ کیا تھا۔

کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے 17 ملازمین مفرور ہیں یا نامکمل ڈگری کے ساتھ واپس آئے ہیں۔ نور مست کے خلاف زیر التواء رقم 8.4 ملین ، محمد علی زیب 7.3 ملین ، سید عمران 11.2 ملین ، محمد ابرار خان 7.7 ملین ، طاہر نعیم 4 ملین ، عرفان اللہ 10.8 ملین ، ندا اسلم .76 ملین ، محمد عدیل 7.4 ملین ، عدیلہ طارق 8.5 ملین ، عدیل ناصر نے 46 لاکھ ، نوید احمد نے 5.2 ملین ، رانا محمد حمزہ نے سات لاکھ ، شاہد امین نے ساڑھے تین لاکھ جبکہ علی حیدر بیگ کے زمے 2 لاکھ روپے کی بقایا جاتی رقم ہے۔

ہزارہ یونیورسٹی کے 11 سکالرز ، جو باہر سے پڑھ کر ادارے میں واپس نہیں آئے ، ان میں تازییان صائرہ ، محسن شاہ ، محمد عمران نصیر ، فرح دیبہ ، عارف اللہ ، ارشد خان ، سید کاشف حسین شاہ ، عندلیب شریف ، شاہد نواز ، عمران عباسی اور زونرا شامل ہیں۔

ان اساتذہ میں مالاکنڈ یونیورسٹی کے پانچ لیکچررز، پشاور یونیورسٹی کے 10، یونیورسٹی آف انجئیرنگ پشاور کے 5اسسٹنٹ پروفیسرز، جبکہ انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے 6 ملازمین وطن واپس نہیں آئے۔ مردان کی عبد الولی خان یونیورسٹی میں سات نادہندگان امجد خان ، پیرزادہ ، عمر فاروق ، محمد خان ، عائشہ رسول ، صدف آفرین اور غزن نواز شامل ہیں۔ کئی یاد دہانیوں کے باوجود ، یونیورسٹی نے ان کے خلاف زیر التواء رقم کی کوئی تفصیل نہیں بھیجی۔

 

 
مزیدخبریں