مشورہ مانگا گیا تو فوج سے یہی کہوں گا حکومت گرا دیں: نجم سیٹھی  

08:03 PM, 5 Nov, 2021

نیا دور

نجم سیٹھی نے کہا کہ اگر مہنگائی اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے قوم عمران خان سے ناراض ہے تو میں فوج کو یہی مشورہ دوں گا کہ حکومت کو گرا دیں۔


انہوں نے یہ بات نیا دور ٹی وی کے پروگرام ''خبر سے آگے'' میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے دوران پروگرام ملک کی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال جبکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی۔


ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان حکومت چلانے میں ناکام اور عوام میں غیر مقبول ہو چکے ہیں۔ روح آئین یہی کہتی ہے کہ انھیں مینڈیٹ لینے کیلئے عوام میں واپس جانا چاہیے۔ وہ اسمبلیاں تحلیل کرکے صاف وشفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں جمہوری روایات کو چلنے دیں۔


انہوں نے کہا کہ میرے ذرائع کے مطابق عمران خان نے کابینہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ آئندہ تین ماہ بہت ہی اہم ہیں، اس کیلئے ہمیں یکجہتی کا مظاہرہ چاہیے، مورال ہائی رکھیں لیکن وہاں موجود لوگوں میں سے کسی کی ہمت نہیں پڑی کہ ان سے پوچھ ہی لیں کہ آخر کیا ہونے جا رہا ہے کہ آپ ایسی ہدایات جاری کر رہے ہیں۔ یا آپ کیخلاف کچھ ہونے جا رہا ہے یا آپ کچھ کرنے جا رہے ہیں لیکن ان کی شکلوں سے یہی لگتا تھا کہ ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں۔


نجم سیٹھی نے بتایا کہ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) والوں سے رابطہ کرکے کچھ پوچھنے کی کوشش کرتا ہوں تو ان کا بھی یہی بیان ہوتا ہے کہ اگلے تین ماہ بہت ہی اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔ لیکن اس کی وجہ کیا ہے اس بارے میں کوئی نہیں بتاتا۔ یہی باتیں زیر گردش ہیں کہ عمران خان بہت مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں کیونکہ ان کے اسٹیبلشمنٹ کیساتھ تعلقات بہت خراب ہو چکے ہیں۔


ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس آئی کے نئے سربراہ حکومت کی ویسے مدد نہیں کریں گے جیسے ماضی میں ہوتی رہی کیونکہ ایسا کرنے سے ادارے کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچ چکا ہے۔ اگر عمران خان ناکام نہ ہوتے تو کہا جاتا کہ ہمارا ہائبرڈ تجربہ چل پڑا ہے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو سکا۔


ملک میں مہنگائی اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہونے والے ہوشربا اضافے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے خطاب میں یہ تو بتایا کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں پیٹرول اور گیس کی قیمتیں کم ہیں لیکن یہ نہیں بتایاکہ وہاں کی عوام کی انکم بھی زیادہ ہے۔

مزیدخبریں