ایف آئی اے نے اس حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق انٹرنیٹ پر پھیلائی جانے والی سینیٹر اعظم سواتی کی ان کی اہلیہ کے ساتھ ویڈیو جعلی ہے، اعظم سواتی سے منسوب ویڈیو اور آڈیو کا تفصیلی تجزیہ کیاگیا، ویڈیو اور آڈیو کا فریم ٹو فریم فارنزک تجزیہ کیا گیا ہے اور یہ فارنزک انٹرنیشنل معیار کے مطابق کی گئی۔
ایف آئی اے حکام کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ انٹرنیشنل معیار کے فارنزک سے ثابت ہوا ہے ویڈیو میں ایڈیٹنگ ہوئی ہے، چہروں کو بگاڑ کر مختلف ویڈیوز اس میں شامل کی گئیں اور فوٹوشاپ کی گئی۔
ایف آئی اے کا کہنا تھاکہ اعظم سواتی نےآج کی پریس کانفرنس کے دوران جو باتیں کی ہیں، اس پر باضابطہ تحقیقات کی ضرورت ہے، اعظم سواتی تحریری درخواست دیں اور اپنے تمام تحفظات دیں۔ بظاہرجعلی ویڈیو سینیٹر اعظم سواتی کو بدنام کرنے کیلئے پھیلائی گئی پے۔
واضح رہے کہ آج بروز ہفتہ تحریک انصاف سینیٹر اعظم سواتی نے پریس کانفرنس کی تھی اور یہ بتاتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے کہ میری بیوی کے ساتھ میری ذاتی ویڈیوز نامعلوم نمبر سے میری بیٹی کو بھیجی گئیں۔ بیٹی نے کہا کہ جب آپ کوئٹہ گئے تھے یہ اس کی ویڈیو ہے۔ ایک بیٹی جب اپنے باپ کو کہے کہ یہ ویڈیو آپ کی اور مما کی ہے تو سوچیں اس باپ پر کیا گزرے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ وڈیو کوئٹہ سپریم کورٹ جوڈیشل لاجز میں ان کے قیام کی ہے، ویڈیو سامنے آنے کے بعد میری اہلیہ، بیٹی اور پوتیاں ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔