عمران خان کے بعد سلمان احمد بھی ہندوستان کی تاریخ پر چڑھ دوڑے

12:19 PM, 5 Oct, 2020

حسنین جمیل فریدی
پاکستان تحریک انصاف کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اسے پڑھا لکھا طبقہ پسند کرتا ہے اور اس جماعت سے تعلق رکھنے والے اور ہمدرد پڑھے لکھے اور با شعور لوگ ہیں۔ بہر حال ہمارے نظام تعلیم کے اندر ایسے بہت سے نقائص موجود ہیں جہاں خواندگی کی شرح کو تو ملحوظ خاطر رکھا جاتا ہے مگر اس کے معیار کو پس پشت ڈال دیا جاتا ہے۔ فرسودہ نظام تعلیم پر مبنی خواندگی کے کچھ ایسے ہی نقائص پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں کے بیانات پڑھ کر سامنے آتے ہیں جو خود کو عقل کل سمجھتے ہوئے تاریخ اور حقائق کو مسخ کرنے میں ذرا شرمندگی محسوس نہیں کرتے۔

حال ہی میں نواز شریف کو غدار ثابت کرنے کیلئے تمام تحریک انصاف کے رہنماوں نے الیکٹرونک اور سوشل میڈیا فرنٹ سنبھالا ہوا ۔ شیخ رشید سے لیکر فواد چوہدری، اور عامر لیاقت سے ڈاکٹر شہباز گل سمیت تمام رہنماء مہنگائی اور بے روزگاری کا شکار عوام کو حب الوطنی کا درس دیتے ہوئے دوسروں کو غدار قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسی اثناء میں معروف سنگر سلمان احمد بھی پیچھے نا رہے اور انہوں نے اپنے ٹویئٹر پر دو تصاویر لگائی اور لکھا کہ:

میر جعفر اور میر صادق کے بھوت آج بھی برصغیر میں مسلمانوں کا شکار کر رہے ہیں اور لکھا کہ ان دونوں نے ٹیپو سلطان کو دھوکہ دیا۔

https://twitter.com/sufisal/status/1312671840863768587

میر جعفر اور میر صادق کا نام وزیر اعظم عمران خان سمیت تمام پاکستانی ایک ہی جملے میں بول دیتے ہیں اسی لئے بہت سوں کو لگتا ہے کہ یہ دونوں غدار 'بھائی' تھے اور آدھی تاریخ پڑھنے والے سلمان احمد کو لگا کہ دونوں میر جعفر اور میر صادق نے ٹیپو سلطان کو دھوکہ دیا۔ حقیقت یہ ہے کہ میر جعفر ٹیپو سلطان سے کہیں پہلے سراج الدولہ کی فوج کے کمانڈر تھا۔ جس نے 1757 کی جنگ پلاسی میں سراج الدولہ کو دھوکہ دیکر انکے پیٹھ پیچھے برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی کی فوج سے ڈیل کی جسکے بدلے اسے بنگال کی حکمرانی کا لالچ دیا گیا ۔ دوسری جانب میر صادق نے اینگلو میسور جنگ جو کہ 1799 میں انگریزوں اور میسور سلطنت کے درمیان لڑی گئی میں ٹیپو سلطان سے غداری کی اور انگریزوں کا آلہ کار بن کر مخبری کی۔

اس سے قبل ہمارے وزیر اعظم عمران خان نے اسمبلی کے فلور پر کھڑے ہو کر کہا تھا کہ مغلیہ سلطنت بابر ، ہمایوں، اکبر، جہانگیر، شاہجہاں اور اورنگزیب عالمگیر کے بعد نہیں چل سکی۔ جس پر خواجہ آصف نے انہیں اسمبلی کے فلور پر ہی جواب دیا کہ اورنگزیب 1707 کے بعد بھی مغلیہ سلطنت تقریباً 150 سال چلتی رہی تاہم 1857 کی جنگ آزادی کے بعد اسکا حتمی خاتمہ ہو اور تاج برطانیہ کی حکومت قائم ہوئی۔

یاد رہے کہ  اس سے قبل وزیر اعظم نے ایک تقریر کے دوران کہا تھا کہ جاپان اور جرمنی ہمسایہ ممالک ہیں علاوہ ازیں بہت سے تحریک انصاف کے رہنماء تاریخ اور حقائق کو مسخ کرکے پیش کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کے مرتکب ہوئے ہیں۔

 
مزیدخبریں