تفصیلات کے مطابق میڈیکل اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام پی ایم سی اور این ایل ای امتحان کے خلاف اسلام آباد میں ہونے والے لانگ مارچ اور دھرنے میں شرکت کے لیے مختلف کالجز سے تعلق رکھنے والے میڈیکل کےطلبہ اور ڈاکٹرز کا قافلہ ٹھوکرنیاز بیگ سے اسلام آباد روانہ پہنچے۔
پاکستان میڈیکل کمیشن کے باہر ینگ ڈاکٹرز نے وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کیا۔ مظاہرین کے احتجاج کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس کے بعد مظاہرین اور پولیس میں ہاتھا پائی بھی ہوئی جبکہ مظاہرین نے پی ایم سی کی عمارت اور پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔
پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور متعدد مظاہرین کو حراست میں لے کر پولیس وین میں منتقل کیا۔
جس کے بعد ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج پی ایم سی کے احاطے میں داخل ہو گئے۔ اس وقت موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے جبکہ پولیس وین میں زیر حراست مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان مظاہرین سے مذاکرات کے لیے بھی پہنچ گئے۔ ڈاکٹر فیصل اور مظاہرین کے مابین مذاکرات جاری ہیں۔ وفاقی دارالحکومت کا جی نائن مرکز اس وقت میدان جنگ کا مںظر پیش کر رہا ہے جبکہ حالات پر قابو پانے کے لیے پولیس نے مزید نفری بھی طلب کر لی ہے۔ واضح رہے کہ ینگ ڈاکٹرز نیشنل لائسنسنگ امتحان کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔