اللہ کے فضل سے تمام سازشی کردار انجام کو پہنچ چکے: مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے آ رہا ہے۔نوازشریف کو نکالا تو ملک سے ترقی اور خوشحالی کے ساتھ امن وسکون بھی نکل گیا۔ اِنشاءاللہ  21 اکتوبر کو پاکستان کی خوشحالی واپس آرہی ہے۔

06:22 PM, 5 Oct, 2023

نیا دور

مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ تمام سازشی کردار انجام کو پہنچ چکے ہیں۔ نواز شریف عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے آ رہےہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے اقلیتی ونگ کا مشاورتی اجلاس  ہو ا جس کی صدارت پارٹی کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے کی۔ اجلاس میں مسیحی، سکھ اور ہندو برادری کے نمائندوں اور عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کوئی اقلیت کوئی اکثریت نہیں، ہم سب پاکستانی ہیں۔ آج پاکستان کی اقلیتوں کے خوبصورت رنگ یہاں دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے۔ نواز شریف عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے آ رہا ہے۔

2013سے 2018 تک نوازشریف کے دور میں مہنگائی کنٹرول میں رہی۔ نوازشریف کو نکالا تو ملک سے ترقی اور خوش حالی بھی نکل گئی۔ نوازشریف کو اقتدار سے نکالا تو ملک سے امن وسکون بھی نکل گیا۔ اِنشاءاللہ  21 اکتوبر کو پاکستان کی خوشحالی واپس آرہی ہے۔ 21 اکتوبر کو مہنگائی میں کمی واپس آرہی ہے۔  

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کومذموم مقاصد کے لئے استعمال کیاگیا۔ آگ اور خون کی ندیاں بہائی گئیں۔ اللہ تعالی کے فضل سے تمام سازشی کردار اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں۔ سب کچھ بھلا کر پاکستان کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔

اقلیتیں 21 اکتوبر کو بھرپور انداز میں قائد نوازشریف کا استقبال کریں گی۔قیام پاکستان، دفاع پاکستان اور تعمیر پاکستان میں اقلیتوں کا برابر کا حصہ جو قابل فخر اور ناقابل فراموش ہے.

مریم نواز شریف  نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی نظریہ پاکستان اور بابائے قوم حضرت قائد اعظم کے وعدوں اور فرمودات کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن غیرمسلم پاکستانیوں کی نمائندہ اور سب سے بڑی جماعت ہے۔تعلیم اور صحت کے شعبے میں اقلیتوں کا کردار کیسے نظر انداز ہو سکتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ میں ملوث تمام عناصر کو سزا ملنی چاہیے۔مسیحی برادری کو جس طرح اپنے گھروں سے باہر رہنا پڑا۔ وہ ہم سب کے لئے انتہائی قابل افسوس اور باعث شرم ہے۔ سانحہ جڑانوالہ نے ہمارے سر شرم سے جھکادئیے۔ افسوس ہے کہ اتنی بڑی مسیحی برادری کو تحفظ نہیں دیا جاسکا۔ سانحہ جڑانوالہ پر مسیحی اور اقلیتی برادری کو جو تکلیف پہنچی اس پرپاکستانیوں کی طرف سے معذرت کرتی ہوں۔ قائد نواز شریف نے مسلم اور غیرمسلم پاکستانیوں کے حقوق میں کبھی امتیاز نہیں برتا۔ اقلیتوں کے احترام اور یک جہتی والا جذبہ لے کر بڑی ہوئی ہوں۔ ڈویژنل سطح پر اقلیتی ونگ کے کنونشز انتہائی متاثر کن اور قابل تعریف تھے۔ غیرمسلم پاکستانی  مینار پاکستان پر قائد نواز شریف کے ساتھ مل کر روشن پاکستان کی تعمیر کے عہد کا اعادہ کریں گے۔

  مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ قائد نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان کی ترقی کا وژن دیں گے۔ آئین کے مطابق غیرمسلم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کا ایجنڈا دیں گے۔ جیسے ایک آزاد پاکستان بنا تھا۔ اب قرض، مہنگائی اور معاشی بدحالی سے آزاد پاکستان بنائیں گے۔ انشاءاللہ،مینار پاکستان پر ایک اسلامی جمہوری فلاحی مملکت کا خواب دیکھا تھا۔ اب مینار پاکستان پر پاکستان کو معاشی آزادی دلانے کا ایک اور تاریخی عہد کریں گے۔ نواز شریف نے قوم سے ہر وعدہ پورا کیا۔ اب معاشی طور پر خود انحصار پاکستان بنانے کا وعدہ پورا کریں گے۔

مزیدخبریں