سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب: خیبر پختونخوا کے بعد پنجاب میں سیلاب کا خدشہ

09:39 AM, 5 Sep, 2020

نیا دور

ملک میں حالیہ بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے بعد پنجاب کے کئی اضلاع میں درمیانے اور سندھ میں اونچے  درجے کے سیلاب آنے کے بعد اب بڑے سیلاب کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔


بالائی علاقوں سے آنے والے پانی سے دریائے سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب جبکہ چناب، جہلم اور دریائے راوی میں درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے الرٹ جاری کر دیے ہیں۔


 ضلع راجن پور رود کوہیوں کے باعث سیلابی پانی سے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق ابھی تک پنجاب میں صرف بیٹ کے علاقے زیر آب آئے ہیں۔ لیکن اگر ’خیبر پختونخوا کی سائیڈ سے زیادہ پانی دریاؤں میں داخل ہوا اور بارشیں نہ تھمیں تو کئی شہروں کو خطرہ ہوسکتا ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق موجودہ صورتحال میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ جس کی وجہ سے مظفر گڑھ، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں سیلاب کا خطرہ ہوسکتا ہے۔


ڈائریکٹر این ڈٰی ایم اے نے کہا کہ اس کے علاوہ دریائے چناب میں پانی زیادہ ہونے سے جھنگ، ملتان اور خانیوال کے قریبی علاقے بھی زیر آب آسکتے ہیں۔ ’دریائے سندھ اور چناب سے بیٹ کے کئی علاقے زیر آب آچکے ہیں جہاں امدادی کیمپ لگا دیے گئے ہیں۔‘ ان علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ افراد کو امداد دی جا رہی ہے۔


مزیدخبریں