مریم نواز نے چوہدری شوگر ملز کیس میں نیب کی درخواست پر اپنا تحریری جواب جمع کرا دیا ہے، جس میں انہوں نے نیب کی ضمانت منسوخی کی درخواست کی مخالفت کی ہے۔
مریم نواز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں 14 ماہ خاموشی اختیار کی پھر طلب کیا، نیب کے کیسز اور گرفتاریاں آواز دبانے کی کوشش ہے، عدالت عالیہ نیب کی درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کرے۔
واضح رہے کہ نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز پر 2 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام لگایا ہے،لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے 4 نومبر 2019 کو ان کی ضمانت منظور کی تھی۔
نیب نے گزشتہ ماہ لاہور ہائی کورٹ میں چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست کی تھی۔
عدالت عالیہ میں سماعت کے دوران نیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ مریم نواز کے خلاف انکوائری تفتیش میں بدل چکی ہے، وہ اپنی ضمانت کا غلط استعمال کر رہی ہیں، انہیں ضمانت کے بعد تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئیں بلکہ انہوں نے پیش ہونے کے بجائے نیب کے دفتر پر پتھراؤ کرایا۔
یاد رہے کہ مریم نواز کی ملک سے باہر جانے کی اطلاعات بھی منظر عام پر تھیں جن پر ابھی تک حتمی طور پر کچھ نہیں کہاگیا۔ جبکہ مریم نواز کے اپنے بیان کے مطابق عمران حکومت کے جانے تک وہ کہیں نہیں جائیں گی۔