خاتون اول بشریٰ بی بی اور فرح خان پر الزامات، عثمان بزدار کا شدید ردعمل، اہم بیان جاری کردیا

12:28 PM, 6 Apr, 2022

نیا دور
سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ میں خاتون اول اور فرح خان کے بارے میں بے بنیاد الزامات کو قطعی طور پر مسترد کرتا ہوں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ علیم خان، چوہدری سرور اور دیگر اپوزیشن ارکان کے من گھڑت الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں اور بلا ثبوت الزام تراشی کی مذمت کرتا ہوں۔

سردار عثمان بزدار نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ پنجاب میں تقررو تبادلے میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ کافی عرصے سے یہ الزامات عائد کئے جا رہے ہیں کہ پنجاب میں اصل حکومت فرح خان اور ان کے شوہر چلاتے تھے۔ یہ دونوں افراد ٹرانسفر اور پوسٹنگ کیلئے کروڑوں روپے کی بھاری رقم وصول کرتے تھے۔

پہلے تو یہ الزامات اپوزیشن رہنمائوں کی جانب سے سامنے آتے رہے۔ لیکن اب تو پی ٹی آئی کے دیرینہ ساتھیوں چودھری سرور اور علیم خان نے بھی ایسے ہی الزامات کی بوچھاڑ شروع کر دی ہے۔

https://twitter.com/UsmanAKBuzdar/status/1511612326054670336?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1511612326054670336%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fpublicnews.com%2F65219%2F

گذشتہ دنوں علیم خان نے اپنی دھواں دار پریس کانفرنس میں ناصرف عثمان بزدار پر الزام لگایا بلکہ کہا کہ فرح خان نامی خاتون اور اس کا شوہر ان کرپشن کے تمام معاملات میں ملوث تھے۔

انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ میرے پاس تمام شواہد اور ٹھوس ثبوت بطور موبائل میسجز موجود ہیں جو میں گاہے بگاہے عمران خان کو بھیجتا رہا، اس میں ان تینوں کی کرپشن کی تمام روداد موجود ہے لیکن عمران خان نے جانتے ہوئے بھی ان کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کے بے تاج بادشاہوں کا ہمیشہ وطیرہ رہا ہے کہ جب سیاسی میدان میں مات کھائیں تو بلیک میلنگ کے لیے اپنے حریفوں اور اداروں پر بے سروپا الزامات لگانے لگ جاتے ہیں۔ سیاسی میدان میں شکست خوردہ عناصر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا کر اپنی خفت نہیں چھپا سکتے۔
مزیدخبریں