شہریار آفریدی کی پارٹی قیادت کو دھمکی

شہریار آفریدی نے کوہاٹ کے جلسے میں  کہا کہ پارٹی کے اندر اس وقت کچھ منافق اور آستین کے سانپ موجود ہیں۔ میں کھل کر بات کرنے والا ہوں۔ میں کسی شوکاز سے نہیں ڈرتا، بس اللہ سے ڈرتا ہوں۔

03:06 PM, 6 Apr, 2024

نیا دور

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرونی اختلافات اب کھل کر سامنے آگئے، پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی نے پارٹی قیادت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں منافق اور آستین کے سانپ ہیں۔ کچھ لوگوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ اب تک خاموش ہوں، مجھے پھٹنے پر مجبور نہ کریں۔

شہریار آفریدی نے کوہاٹ کے جلسے میں پی ٹی آئی قیادت کو دھمکی دیتے ہوئے  کہا کہ پارٹی کے اندر اس وقت کچھ منافق اور آستین کے سانپ موجود ہیں۔ میں کھل کر بات کرنے والا ہوں۔ میں کسی شوکاز سے نہیں ڈرتا، بس اللہ سے ڈرتا ہوں۔  چند لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اب تک خاموش ہوں، مجھے پھٹنے پر مجبور نہ کریں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

شہریار آفریدی کا کہنا تھا یہ کسی کے باپ کی پارٹی نہیں ہے۔ پارٹی ان لوگوں کی ہے جنہوں نے قربانیاں دیں۔ جن کی ماؤں اور بہنوں کی بےعزتی ہوئی۔ تم اکیلے بیٹھ کر فیصلے کرو گے۔ جو عمران خان کے خلاف جائے گا میں اس کے ساتھ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہوں گا۔علی امین گنڈا پور سمیت پوری پارٹی قیادت کو پیغام دیتا ہوں کہ آج میرا آپ کے لیے فائنل پیغام ہے کارکنان کو ، پارٹی کے وفاداروں کو، جو پارٹی کی بنیاد ہیں ان لوگوں کو اوپر لائیں۔

رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا پارٹی میں پیراشوٹ سے آئے ہوئے لوگوں کو مسترد کرتے ہیں۔ جنہوں نے پیٹھ میں چھرے گھونپے، آپ ان کو پھر سے گلے لگا رہے ہیں۔ ہم ان کو  پھر سے گلے لگانے نہیں دیں گے۔

شہریار آفریدی کے بیان کی تائید
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے بیرسٹر گوہر سے سوال کیا کہ شہریار آفریدی نےجلسے میں کہا کہ ہماری صفوں میں منافقین اور سانپ موجود ہیں اور آج بھی عمران خان نے اعتراف کیا کہ پارٹی میں کچھ لوگ ایسے ہیں جن کے اسٹبلشمنٹ سے رابطے ہیں. ایسے کون سے لوگ ہیں؟ جس کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ شہریار آفریدی ہمارے بہت اچھے ورکر ہیں. ہمارے پاس ان کا بہت بڑا ریکارڈ ہے. انہوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ڈٹے رہے ہیں. وہ ہمارے لیڈر اور ہیرو ہیں. انہوں نے جو الفاظ کہیں ہیں تو ہم کوشش یہ کر رہے ہیں کہ پارٹی کے درمیان کی اگر کوئی بات کرنی ہے تو پارٹی کے پلیٹ فارم پر کریں، باہر ایسی باتیں کرنے کی ضرورت نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے پاس کوئی ایسا ثبوت نہیں ہے کہ کون لوگ (اسٹبلشمنٹ کے ساتھ) ملے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر شیر افضل مروت نے کہا کہ شہریار آفریدی نے جس امیدوار کیلئے آواز اٹھائی ہے میں اس کی بالکل تائید کرتا ہوں. اس نے بالکل درست بات کی ہے. انہوں نے خرم ذیشان کیلئے آواز اٹھائی ہے اور خرم ذیشان کا نام ڈرافٹ کیا جانا خان کے فیصلے کی توہین ہے۔

شیرافضل مروت کا کہنا تھا پارٹی کے اندر کچھ لوگ ہیں جن کے ساتھ میری کھینچا تانی چل رہی ہے جو مجھے فرنٹ فٹ پر نہیں دیکھنا چاہتے. کھینچا تانی کرنے والوں کے ساتھ خود نمٹوں گا۔

مزیدخبریں