ملک بھر میں ایس او پیز کے تحت ریسٹورنٹ، کیفیز، تھیٹرز اور سینما ہالز 10 اگست سے کھولنے کا فیصلہ

02:54 PM, 6 Aug, 2020

نیا دور
وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر میں ایس او پیز کے تحت ریسٹورنٹ، کیفیز، تھیٹرز اور سینما ہالز 10 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا جبکہ سیاحتی مقامات کو کل سے کھول دیا جائے گا، مزارات، بزنس سینٹر، ایکسپو سینٹرز بھی 10 اگست سے کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے۔

اجلاس کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بریفنگ میں بتایا کہ شادی ہالز اور تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولے جا سکیں گے۔

وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بتایا کہ تعلیمی ادارے کھولنےسے متعلق حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو ہوگا، ریسٹورنٹ، کیفیز کو 10 اگست کو کھول دیا جائے گا اور اس حوالے سے 2 روز میں ایس او پیز فائنل ہوجائیں گی۔

اسد عمر نے بتایا کہ سیاحتی مقامات پر ہوٹلز کو 8 اگست کو کھول دیا جائے گا، پبلک پوائنٹس، سنیماز اور تھیٹرز کو پیر 10 اگست سے کھول دیا جائے گا، تماشائیوں کے بغیر کھیل کی اجازت ہوگی، 10 اگست سے جمز کو بھی کھولنے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کھڑے ہوکر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، 15 ستمبر تک میرج ہالز بھی کھولے جاسکتے ہیں، بیوٹی پارلز، ایکسپو سینٹرز، مزارات کو بھی کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ مزارات میں بڑے اجتماعات میں ایس او پیز کا خیال رکھنا ہوگا اور انتظامیہ سے اجازت لینی ہوگی، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری کی بھی اجازت دی جا رہی ہے، ٹرین اور جہاز میں مسافروں سے متعلق پابندیاں ستمبر تک جاری رہیں گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یکم اکتوبر سے جہاز میں مسافر نارمل انداز میں سفر کرسکیں گے، عوام کے تعاون سے صورتحال قابو میں آئی، عوام کے رویوں میں تبدیلی نظر آئی تو یہی صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے متعلق علمائے کرام کے ساتھ ایس او پیز بنائی جاچکی ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ جو سیکٹرز بھی کھولے جا رہے ہیں وہ مکمل ایس او پیز کے تحت کھولے جائیں گے، دکانیں کھولنے کے اوقات کار کو بھی معمول کے مطابق لانے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔
مزیدخبریں