پریانتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کرنیوالے ملک عدنان کا وزیراعظم ہاؤس میں قیام

03:40 PM, 6 Dec, 2021

نیا دور
سیالکوٹ واقعہ میں اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر سری لنکن مینجر پریانتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو خاص مہمان بنایا گیا ہے، وہ آج وزیراعظم ہائوس میں قیام کرینگے۔

اس بات کی اطلاع معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل نے دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک عدنان نے سیالکوٹ واقعے میں بے مثال شجاعت اور بہادری کا مظاہرہ کیا، وہ آج رات وزیراعظم کے خصوصی مہمان ہیں اور وزیراعظم ہائوس میں قیام کرینگے۔

شہباز گِل نے کہا کہ منگل کے روز وزیراعظم ہائوس میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس کا مقصد ملک عدنان کی خدمات کو سراہنا ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم پہلے ہی انہیں تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو ملک عدنان پر فخر ہے۔ وہ ہمارا ناز ہیں۔

خیال رہے کہ سری لنکا سے تعلق رکھنے والے آنجہانی مینجر پریانتھا کمارا کو بچانے کیلئے اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے والے ملک عدنان کی پوری دنیا میں تعریف کی جا رہی ہے۔

ملک عدنان نے آخری دم تک کوشش کی کہ وہ پریانتھا کمارا کو مشتعل ہجوم سے بچا سکیں لیکن جنونیوں نے سری لنکن مینجر کو بے دردی سے مار کر ان کی لاش کو جلا دیا تھا۔

سامنے آنیوالی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملک عدنان جان اپنی جان جوکھم میں ڈال کر پریانتھا کمارا کو بچانے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

ملک عدنان کو ہجوم کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا لیکن وہ آخری دم تک پریانتھا کمارا کیلئے ڈھال بنے رہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ان کی بہادری کو دیکھتے ہوئے تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا ہے۔
مزیدخبریں