توہین الیکشن کمیشن: عمران خان اور فواد چوہدری کے جیل ٹرائل کا فیصلہ

توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت 13 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہوگی۔ 

02:17 PM, 6 Dec, 2023

نیا دور

الیکشن کمیشن نے  توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس میں سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان اور فواد چوہدری کا   جیل ٹرائل کرنے کی منظوری دے دی۔

الیکشن کمیشن نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے توہین الیکشن کمیشن ٹرائل سے متعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا جس کے تحت عمران خان اور فواد چوہدری کا اڈیالہ جیل میں ٹرائل ہوگا۔ توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت 13 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہوگی۔ 

وزارت داخلہ نے عمران خان اور فواد چوہدری کا ٹرائل جیل میں کرنے کی درخواست دی تھی۔ الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اعظم کے حوالے سے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر وزارت قانون کی رائے کے بعد جیل میں ٹرائل کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 19 اگست کو عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو نوٹسز جاری کیے تھے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنماؤں نے مختلف جلسوں، پریس کانفرنسز اور انٹرویوز کے دوران الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر الزامات عائد کیے تھے جبکہ تینوں پارٹی رہنماؤں کو 30 اگست کو ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔

مزیدخبریں