وزارت مذہبی امور کی قیمتی عمارت رمنا بلڈنگ کی دو منزلیں وزیر مذہبی امور کے کاروباری پارٹنر کو نیلام

08:25 AM, 6 Feb, 2020

نیا دور
وفاقی دارالحکومت کے اہم ترین علاقے میں وزارت مذہبی امور کی ملکیت ایک بہت بڑی عمارت کی دو منزلیں وزیر مذہبی امور کے کاروباری پارٹنر کو نیلام کر دی گئیں۔

جنگ نیوز سے حاصل تفصیلات کے مطابق رمنا بلڈنگ جی۔6 مرکز میں قائم ہے۔ جہاں حال تک وزرات مذہبی امور کا دفتر قائم تھا جو نوتعمیر کوہسار کمپلیکس میں منتقل ہو گیا ہے، جو پاک سیکرٹریٹ کی توسیع ہے۔ جب یہ عمارت خالی ہوئی تو وزارت نے رمنا بلڈنگ کے نیلامی کا فیصلہ کیا۔ جو متروکہ املاک وقف بورڈ کی ملکیت ہے اور 4 کنال کے وسیع و عریض رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔

ایک مرحلے میں پوری عمارت کو نیلام کرنے کے بجائے جس سے زیادہ آمدنی کی امید تھی، عمارت کی منزل بہ منزل نیلامی کا فیصلہ کیا گیا۔ اب تک دو منزلیں نیلام ہوئی ہیں اور دونوں بار کامیاب بولی دہندہ نعمان خان رہے جو وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کے کاروباری شریک ہیں، وزیر مذہبی امور نے بھی خریدار سے اپنے تعلق کا خود اعتراف کیا ہے۔

واضح رہے کہ متروکہ املاک وقف بورڈ (ای ٹی پی بی) بھی وزارت مذہبی امور و مذہبی ہم آہنگی کے تحت آتا ہے۔ چار منزلہ عمارت کی مزید دو منزلیں آئندہ نیلام ہوں گی، جس کے لئے کسی درخواست گزار کا دلچسپی لینا مشکل دکھائی دیتا ہے، سوائے نعمان خان کے جنہوں نے گراؤنڈ فلور اور بیسمنٹ کو نیلامی میں خرید لیا ہے۔

عمارت کی دو منزلیں خریدنے والے نعمان خان اور وزیر مذہبی امور کی کاروباری شراکت داری ہے، گیلانی مارٹ کے نام سے راولپنڈی، ٹیکسلا، واہ، ایبٹ آباد اور پشاور میں ان کے کیش اینڈ کیری سٹورز ہیں۔ اس کے علاو ان کے درآمد و برآمد کا کاروبار گیلانی ٹریڈنگ کے ذریعہ ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ عمارت کی پہلی منزل جون 2019 میں نیلام کی گئی جبکہ دوسری منزل گذشتہ جنوری میں نیلام ہوئی تھی۔ بولی میں نعمان کے علاوہ تین بولی دہندگان کو شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔
مزیدخبریں