شیڈول میں تبدیلی، آل پارٹیز کانفرنس 9 فروری کو ہوگی

شیڈول میں تبدیلی، آل پارٹیز کانفرنس 9 فروری کو ہوگی
ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے مسئلے پر بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس 7 کے بجائے 9 فروری کو ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی دہشتگردی کے مسئلے پر بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) 7 کے بجائے 9 فروری جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس میں ملک کی تمام قومی وسیاسی قیادت کو مدعو کیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اے پی سی میں دہشتگردی، درپیش چیلنجز کے مقابلے کی مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی جب کہ  نیشنل ایکشن پلان پر نظرثانی ہوگی۔

تمام سیاسی جماعتوں کی اے پی سی میں شرکت کو یقینی بنانے کے لئے وفاقی وزیر ایاز صادق تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بھی اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی ہے۔ تاحال یہ طے نہیں ہوا کہ اے پی سی وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی یا پارلیمنٹ ہاؤس میں۔

ذرائع نے بتایا کہ اے پی سی کے دوران دہشت گردی سے نمٹنے کی پالیسی مرتب کی جائے گی۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے میڈیا پر دہشت گردی کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس اور تحریک انصاف کو شمولیت کی دعوت دی، لیکن ابھی تک اس ضمن میں تحریک انصاف کو کوئی دعوت نامہ نہیں ملا، باقاعدہ دعوت نامہ ملا تو اس کانفرنس میں شرکت پر مشاورت کریں گے۔

https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1622479426855247873?s=20&t=VvM6r87gys5NQo-_Ah1z6A

واضح رہے کہ پشاور پولیس لائنز دھماکے کے بعد دہشتگردی کیخلاف مشترکہ حکمت عملی بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی ہے۔