پرویز الٰہی کے دست راست، سابق سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی سندھ سے گرفتار

پرویز الٰہی کے دست راست، سابق سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی سندھ سے گرفتار
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے دست راست اور پنجاب اسمبلی کے سابق سیکرٹری محمد خان بھٹی کو سندھ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

محمد خان بھٹی کے اوپر کرپشن اور منی لانڈرنگ کے سنگین الزامات ہیں، وہ کافی دنوں سے فرار تھے مگر اب ان کو سندھ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق محمدخان بھٹی کو سندھ کے علاقے مٹیاری سے گرفتار کیا گیا ہے۔

چوہدری پرویز الٰہی کے مطابق محمد خان بھٹی حفاظتی ضمانت کے لئے سندھ ہائی کورٹ جا رہے تھے تو راستے میں ان کو ایس ایس پی حیدر آباد کی نگرانی میں پولیس نے گرفتار کیا ہے۔

پرویز الٰہی نے یہ بھی کہا کہ خدشہ ہے کہ گرفتاری ظاہر نہیں کی جائے گی۔

یاد رہے کہ محمد خان بھٹی کے اوپر پنجاب کے انٹی کرپشن محکمے نے ایک ایف آئی آر درج کروائی ہے جس میں محمد خان بھٹی کے اوپر محکمہ ہائی وے کے ایک افسر سے 4 کروڑ 60 لاکھ روپے رشوت لینے کا الزام ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ اس ایف آئی آر کے دوسرے مرکزی ملزم محکمہ ہائی ویز کے ایس ڈی او رانا اقبال پہلے ہی گرفتار ہو چکے ہیں۔ اس غیر معمولی کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی اور ان کے بیٹے مونس الٰہی کا نام بھی لیا جا رہا ہے۔