حریم شاہ کے الزمات پر شیخ رشید کا پہلا ردعمل سامنے آ گیا

01:48 PM, 6 Jan, 2020

نیا دور

وزیر ریلوے شیخ رشید نے ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ سے فون پر بات کرنے کے معاملے پر اپنا مؤقف جاری کردیا۔


پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے حریم سے فون پر بات چیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فون پر بات کر لی تو کیا ہوا؟کوئی غلط بات نہیں کی ہے۔ شیخ رشید نے اپنے نکاح سے متعلق حریم شاہ کے دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کوئی نکاح نہیں کیا اور نہ ہی متعہ کیا ہے۔


ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے تو متعہ کا مطلب ہی نہیں پتہ یہ ہوتا کیا ہے؟ جو کر رہے ہیں کرتے رہیں مجھے فرق نہیں پڑتا۔ خیال رہے کہ چند روز قبل ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید شادی شدہ ہیں۔

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ویڈیو میں حریم شاہ نے بتایا کہ ’شیخ رشید نے نکاح کیا ہوا ہے، لڑکی کہہ رہی ہے کہ میں تمہاری دوست ہوں اور میں تمہاری وجہ سے شیخ رشید سے ملی تھی‘۔

ایک سوال کے جواب میں حریم شاہ کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نکاح والی لڑکی کو جانتے ہیں، باقی باتیں شیخ رشید ہی بتاسکتے ہیں، میں ان سب چیزوں کی گواہ ہوں۔ حریم شاہ کا مزید کہنا تھا کہ شیخ رشید نے لڑکی کو لاہور میں گھر اور گاڑی لے کر دی ہے۔

ایک انٹرویو میں حریم شاہ کا کہنا تھا کہ جو باتیں بھی میں نے کی ہیں اگر وہ جھوٹی ہیں تو شیخ رشید میرے سامنے آئیں اور قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کے حلفاً تردید کریں۔ اس سے قبل گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر حریم شاہ کی شیخ رشید کے ساتھ کال پر بات کرتے ہوئے ویڈیو بھی خوب وائرل ہوئی تھی۔

اسی حوالے سے حریم شاہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر چند ویڈیوز شیئر کیں جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ شیخ رشید کے ساتھ کال پر بات کرنے والی ویڈیو اصلی ہے، وہ بات چیت کر رہے تھے اور ہم نے کال ریکارڈ کر لی کیوں کہ کل کو کوئی بھی مسئلہ بن سکتا ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید حال ہی میں عمرہ ادا کر کے وطن واپس لوٹے ہیں۔

مزیدخبریں