اداکارہ مشی خان نے پی ٹی آئی ایم این اے عامر لیاقت کو پاگل شخص قرار دے دیا

09:47 AM, 6 Jan, 2022

نیا دور
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، رکنِ قومی اسمبلی، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی جانب سے حالیہ متنازع بیان پر انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ سوشل میڈیا پر زور پکڑتا جا رہا ہے۔

عامر لیاقت حسین کے اس متنازع بیان پر اداکارہ مشی خان کی جانب سے ردِ عمل دیا گیا ہے۔

اداکارہ مشی خان نے عامر لیاقت حسین کی جانب سے دیئے گئے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ عامر لیاقت حسین کو کسی ڈاکٹر سے اپنے دماغ کا علاج کروانا چاہیے، عامر لیاقت ایک ذہنی بیمار شخص ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’کبھی عامر لیاقت ناگن ڈانس کرتے ہیں، کبھی مذہبی اسکالر بن جاتے ہیں تو کبھی اُلٹی سیدھی باتیں کرتے ہیں۔‘



مشی خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کہا کہ ’ عامر لیاقت کو شرم آنی چاہیے، یہ تو ہر مسلمان پر فرض ہے کہ وہ ہر عقیدے کی عزت کرے، عامر لیاقت کا منہ ہے کہ کچرے کا ڈبہ جس میں جو آتا ہے آپ بول دیتے ہیں۔‘

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’اللّٰہ نے عامر لیاقت کو اتنی عزت دی ہے اور انہوں نے اپنا کیا حال بنا لیا ہے، عامر لیاقت حسین کی ٹیم کو اِنہیں احساس دلانا چاہیے۔‘

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عامر لیاقت متنازعہ مدینہ مسجد جسے سپریم کورٹ کی جانب سے گرانے کا حکم دیا گیا ہے، اس کے باہر طارق روڈ پر عامر لیاقت دیوبند مکتب فکر کے پیروکاروں کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف نظر آرہے ہیں اس دوران کسی نے ویڈیو ریکاڈنگ کی جس میں صاف سنا جاسکتا ہے کہ عامر لیاقت نے موقع پر موجود دیوبند علماء وعوام کے سامنے کہا کہ شیعہ عالم دین عباس حیدر عابدی نے میرے بھائی عمران لیاقت کو شیعہ کیا اور پھر مجھے بھی دعوت دی جس پر میں نے کہا کہ بھئی دیکھیں کھانا تو انسانی فضلہ بن سکتا ہے لیکن انسانی فضلہ کھا نا نہیں بن سکتا۔
مزیدخبریں