ان کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری جدوجہد میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔ ادارے غیر جانبدار رہیں۔ ہم ہر صورت اسلام آباد پہنچ کر اپنے مطالبات سامنے رکھیں گے۔
یہ اعلان انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان پر ہماری پوزیشن کلیئر ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ تمام ادارے غیر جانبدار رہیں۔
انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی، یہیں سے حکومت کے خاتمے کی تحریک کا آغاز کریں گے۔ کسانوں کے ساتھ مل کر ریلیاں نکالیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کو استعفی دینا ہے اب ان کی مرضی ہے۔ احتجاج پیپلز پارٹی کا جمہوری حق ہے۔ اگر یہ کہا جا رہا ہے کہ فوج نیوٹرل ہے تو ہم یہی چاہتے ہیں، سارے ادارے نیوٹرل رہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اس حکومت سے نجات چاہتے ہیں۔ ہم صاف اور شفاف الیکشن کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ملک کے مسائل کا حل صرف جمہوریت میں ہے۔ عوام تاریخی مشکل میں ہے۔ پی ڈی ایم نے اپنے مارچ کا اعلان کرنے سے پہلے مشاورت نہیں کی۔ پی ڈی ایم کو اپنے طریقہ کار کے مطابق مارچ کرنے کا حق ہے۔ عوام حکومت کو ایک دن بھی نہیں دینا چاہتی۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی اداروں کے سامنے معاشی خود مختاری کا سودا کیا گیا ہے، سٹیٹ بینک پارلیمان، عدلیہ کے بجائے آئی ایم ایف کو جوابدہ ہوگا، اس حوالے سے ہم قانونی مشاورت کر رہے ہیں، کم سے کم 25ہزارتنخواہ کے سندھ حکومت کے فیصلے پرسپریم کورٹ کا حکم امتناع ہٹایا جائے۔