پاکستان میں مقیم امریکی خاتون سنتھیا رچی کی جانب سے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر الزامات کی بوچھاڑ کی گئی تھی۔ سنتھیا رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام عائد کیا تھا۔
امریکی خاتون کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ان گھٹیا الزامات کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتا۔
انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کےعہدے کا آدمی ایوان صدر میں کیا ایسی حرکت کر سکتا ہے؟ الزام لگانے والی خاتون ایوان صدر میں کیا کر رہی تھیں؟ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خاتون نے شہید بے نظیر بھٹو پر بھی عجیب و غریب الزامات لگائے، اس معاملے پر میرے بیٹوں نے عدالت میں جانے کا اعلان کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خاتون کے الزامات اسی کا ردعمل ہیں لیکن قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔
واضح رہے کہ سنتھیا رچی نے الزام لگایا ہے کہ رحمان ملک نے انہیں 2011 میں زیادتی کا نشانہ بنایا جب پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور رحمان ملک وزیرداخلہ کے عہدے پر فائز تھے۔
سنتھیا رچی نے سابق وزيراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر صحت مخدوم شہاب الدین پر بھی دست درازی کا الزام عائد کیا۔ سنتھیا رچی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے تب دست درازی کی جب وہ ایوان صدر میں مقیم تھے۔