سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ سنتھیا رچی می ٹو کا تماشہ بند کرو۔ اگر آپ 9 سال قبل ریپ کا شکار ہوئیں تو اس کا اظہار اب کیوں کیا جا رہا ہے؟ کیا اب آپ حاملہ ہو گئی ہیں؟
ایک اور ٹویٹ میں خلیل الرحمان نے کہا کہ مجھے خوشی ہو گی اگر پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم سنتھیا رچی کی حمایت نہ کرے۔ ایسے غیر ملکی عناصر کی فوری طور پر حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں مقیم امریکی خاتون نے اپنی ایک ویڈیو میں پیپلز پارٹی کی قیادت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی جبکہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین نے ان کے ساتھ دست درازی کی۔ الزام کے مطابق انہوں نے یہ سب اس خاتون کے ساتھ تب کیا جب وہ ملک کے اہم ترین عہدوں پر فائز تھے۔
پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف سنگین الزامات کی بوچھاڑ کرنے والی اس امریکی خاتون سنتھیا رچی نے اپنی توپوں کو رخ ن لیگ کی جانب کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ رچی نے کہا ہے کہ فکر نہ کریں، ن لیگ کو بھی نہیں چھوڑوں گی، اگلی باری ان کی ہے۔
سنتھیا رچی کون ہیں کہاں سے آئی ہیں کرتی کیا ہیں یہ شاید بیشتر پاکستانی نہیں جانتے تاہم حیران کن امر یہ ہے کہ اس پراسرار کردار نے پاکستانی سیاسی افق پر ایسی تھرتھلی بپا کی ہے کہ پوری قوم کی توجہ انکی جانب مبذول کرا دی گئی ہے۔