پی ٹی آئی کا کوئی بھی ممبر استعفوں کی تصدیق یا تردید کیلئے سپیکر کے سامنے پیش نہیں ہوا

03:26 PM, 6 Jun, 2022

عبداللہ مومند
تحریک انصاف کے مستعفی ارکان اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق یا تردید کے معاملے پر کوئی بھی ممبر قومی اسمبلی سپیکر راجا پرویز اشرف کے سامنے پیش نہیں ہوا۔

سپیکر آفس نے تصدیق کی ہے کہ سپیکر راجا پرویز اشرف گیارہ بجے سے اپنے چیمبر میں موجود رہے تاہم استعفوں کی تصدیق یا تردید کے لئے پہلے دن پاکستان تحریک انصاف کا کوئی بھی ممبر پیش نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے پاکستان تحریک انصاف کے 123 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کر لئے تھے۔ پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں منتخب اراکین کی کُل تعداد 155 تھی، جن میں سے 122 ارکان براہ راست منتخب ہوئے تھے جبکہ 28 مخصوص نشستوں پر ایوان کا حصہ بنے تھے جبکہ پانچ نشستیں اقلیتی نمائندوں کی تھیں۔

سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے ایک سو اکتیس ارکان قومی اسمبلی کو آج سے دس جون تک بلا رکھا ہے۔ اس سلسلے میں پہلے دن (پیر) کو تحریک انصاف کے تیس ارکان کو بلایا گیا تھا۔ عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد کو بھی آج بلایا گیا تھا تاہم وہ بھی سپیکر آفس تصدیق یا تردید کے لئے نہیں پہنچے۔

پاکستان تحریک انصاف کے جن 32 اراکین نے استعفے نہیں دیے اُن میں منتخب اراکین کی تعداد 28 ہے جبکہ تین ریزرو سیٹوں پر آئے ہیں اور ایک اقلیتی نمائندہ ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے نیا دور میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک خط کے ذریعے ممبران قومی اسمبلی کو خبردار کیا ہے کہ وہ استعفوں کے سلسلے میں سپیکر آفس میں پیش نہ ہوں۔

نیا دور میڈیا نے پاکستان تحریک انصاف کا اس سلسلے پر موقف جاننے کے لئے کئی ممبران سے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر کسی نے جواب نہیں دیا۔
مزیدخبریں