خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج پہلا روزہ

11:45 AM, 6 May, 2019

نیا دور
رواں برس حکومت نے اپنی سی پوری کوشش کی کہ ملک بھر میں رمضان المبارک اور عیدین ایک ہی روز ہوں لیکن مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے حکومت کی تمام کوششوں پر پانی پھیر دیا ہے اور آج خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں شہریوں نے پہلا روزہ رکھا ہے۔

گزشتہ روز مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا تھا کہ رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا چنانچہ پہلا روزہ سات مئی یعنی کل ہو گا۔

رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمان نے کراچی میں قائم محکمہَ موسمیات کے دفتر میں منعقدہ اجلاس کے بعد یہ اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا، ملک کے کسی حصے سے چاند کے نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاوہ ملک کے 50 مختلف مقامات پر رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس کا انعقاد کیا گیا تھا۔

مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا، کراچی اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس کے شرکا نے مشترکہ رائے دی ہے کہ ملک کے کسی حصے میں بھی چاند نظر نہیں آیا چنانچہ پہلا روزہ سات مئی کو ہو گا۔



انہوں نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ یہ ان کا انفرادی فیصلہ نہیں ہے۔ رویت ہلال کمیٹی کے ارکان مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھتے ہیں جو میرے زیراثر نہیں ہیں۔

تاہم گزشتہ کئی برسوں کی طرح رواں برس بھی پشاور کی مسجد قاسم خان کی غیر سرکاری کمیٹی کو صوبے کے مختلف اضلاع سے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہو گئیں جس کے بعد مسجد قاسم خان نے آج رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کر دیا۔

مسجد قاسم خان کی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماء مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کہا ہے کہ کمیٹی کو صرف صوبائی دارالحکومت کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی 22 شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا، مسجد قاسم خان میں تمام فیصلے قرآن و سنت کے مطابق کیے جاتے ہیں اور ان میں فرقہ واریت کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔ مفتی پوپلزئی نے دعویٰ کیا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے خیبرپختونخوا سے ملنے والی شہادتیں قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا اور محض پیش گوئی کی بنیاد پر چاند نظر آنے کا فیصلہ کیا۔



گزشتہ برس حکومت نے رویت ہلال کمیٹی کے حوالے سے قانون سازی کرنے کے بجائے چاند دیکھنے کے معاملے کو تنازع سے بچانے کے لیے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے ساتھ سخت رویہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا تاہم اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا اور مفتی پوپلزئی نے حکومتی فیصلے کے باوجود غیرسرکاری طور پر عید کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ کئی برسوں سے ملک بھر میں دو عیدیں منائی جا رہی ہیں کیوں کہ پشاور میں مسجد قاسم خان کے عالم دین مفتی شہاب الدین پوپلزئی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کو خاطر میں نہیں لاتے اور رمضان اور شوال کے چاند کا اعلان اپنی مرضی سے کرتے ہیں۔
مزیدخبریں