ذرائع ابلاغ کے مطابق، عام انتخابات کے پانچویں مرحلے میں نو ریاستوں کی 51 نشستوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے جن میں آٹھ کروڑ 70 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
لوک سبھا کے پانچویں مرحلے میں بہار، مقبوضہ کشمیر، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، راجستھان، اترپردیش اور مغربی بنگال میں انتخابی عمل جاری ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق، پانچویں مرحلے میں سونیا گاندھی کے حلقے رائے بریلی، بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ کے حلقے لکھنئو، اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کے حلقے امیتھی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنماء راجیو پرتاپ کے حلقے میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پولنگ کا آغاز ہوتے ہی ایک بار پھر ٹویٹر پر متحرک نظر آئے اور انہوں نے ٹویٹ کیا، لوک سبھا کے انتخابات کے پانچویں مرحلے میں ووٹنگ کرنے والے شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔
انہوں نے مزید کہا، ایک ووٹ بھی ہماری جمہوریت کو مضبوط بنانے اور بھارت کے بہتر مستقبل میں کردار ادا کرنے کے لیے نہایت اہم ہے۔
واضح رہے کہ راہول گاندھی بھی امیتھی کی نشست کسی طور پر ہارنا نہیں چاہتے جس سے وہ چار بار لگاتار کامیاب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے تین مئی کو امیتھی کے عوام کے نام ایک جذباتی خط بھی تحریر کیا تھا جس میں انہوں نے کہا، وہ ان کی کامیابی کے لیے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں۔
راہول گاندھی کے مقابلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی سینئر رہنماء اور سابق ٹی وی اداکارہ سمرتی ایرانی انتخاب لڑ رہی ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں جاری انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کا عمل 23 مئی کو شروع ہو گا اور اسی روز نتائج کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔