امریکی خلائی ادارے ناسا کے ایڈمنسٹریٹر جم برائیڈنسٹائن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ناسا زمین کے مدار کے باہر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر ٹام کروز کے ساتھ فلم کی شوٹنگ کرنے کے لیے پرجوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مقبول میڈیم کے ذریعے انجینیئرز اور سائنسدانوں کی نئی نسل ناسا کے منصوبوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے متاثر ہوگی۔
مذکورہ فلم کے بارے میں تاحال کہیں سے کوئی تفصیلات موصول نہیں ہوئیں تاہم ایک امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ آٹو کمپنی ٹیسلا اور راکٹ کمپنی اسپیس ایکس کے سربراہ ایلن مسک بھی اس منصوبے میں شامل ہوں گے۔ تینوں کمپنیوں اور ٹام کروز کی ٹیم نے اس بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
خیال رہے کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن زمین کے محور سے 408 کلومیٹر باہر زمین کے گرد چکر لگا رہا ہے، اگر ٹام کروز خلائی اسٹیشن کے لیے روانہ ہوتے ہیں تو وہ راکٹ پر زمین کے مدار سے باہر سفر کریں گے۔
دوسری جانب ناسا نے فیصلہ کیا ہے کہ اسپیس اسٹیشن کو تحقیق کے علاوہ اب تجارتی مقاصد کے لیے بھی کھولا جائے گا۔ اس سے قبل 2002 میں آئی میکس نامی ایک دستاویزی فلم اور 2012 میں سائنس فکشن فلم اپوجی آف فیئر بھی خلائی اسٹیشن پر جا کر فلمائی گئی تھی۔