گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں کیپٹن (ر) صفدر اور عطااللہ تارڑ نے مریم نواز کے پاسپورٹ سمیت ضمانتی مچلکے اور ساتھ ہی 7 کروڑ روپے کی رقم بھی جمع کروائی تھی، جس کی تصدیق لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے کی۔
احتساب عدالت نے باقاعدہ لاہور ہائیکورٹ سے مریم نواز کی طرف سے زر ضمانت 7 کروڑ روپے اور پاسپورٹ جمع کرانے کی تصدیق کی، جس کے بعد ان کی رہائی کے لئے روبکار جاری کیا گیا۔
روبکار جاری کیے جانے کے بعد جیل حکام نے سروسز ہسپتال جا کر مریم نواز سے ان کی رہائی کے آرڈر پر دستخط کرائے جس کے بعد انہیں چوہدری شوگر ملز کیس میں عبوری ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
مریم نواز شریف کے پولیٹکل سیکریٹری ذیشان ملک نے مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور ہونے پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اللہ تعالی کے دربار میں سجدہ شکر ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے مریم نواز شریف کو عوام کے سامنے سرخرو کیا۔
ذیشان ملک نے کہا کہ آج کے فیصلے نے اس بات پر مہر لگا دی ہے کہ مریم نواز شریف بے گناہ تھیں، انہیں بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ آج کی ضمانت انسانی بنیادوں پہ نہیں بلکہ میرٹ پر ہوئی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ میاں نواز شریف کو بھی اپنی دعاؤں میں خصوصی طور پر یاد رکھیں۔