انڈسٹری میں 7 سال اور 16 نامزدگیوں کے بعد سونیا حسین کا پہلا ایوارڈ، اداکارہ آبدیدہ ہوگئیں

02:14 PM, 6 Nov, 2021

نیا دور
اداکارہ سونیا حسین کیریئر کا پہلا ایوارڈ جیتنے پر جذباتی ہوگئیں اور اعزاز وصول کرتے ہوئے اسٹیج پر آبدیدہ ہوگئیں۔

سونیا حسین کو 5 نومبر کو ہونے والے دوسرے ’پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈز‘ (پیسا) میں بہترین ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا، جسے وصول کرنے کے دوران وہ آبدیدہ ہوگئیں۔

’پیسا‘ ایوارڈز تقریب میں سونیا حسین کے علاوہ اداکارہ سارا خان کو بھی بہترین پاپولر ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا جب کہ فیروز خان اور محب مرزا بہترین ٹی وی اداکار کا ایوارڈ لے اڑے۔



ایوارڈز تقریب میں مجموعی طور پر 24 ایوارڈز دیے گئے، مہوش حیات کو سینما انڈسٹری میں خدمات سر انجام دینے پر خصوصی جب کہ ہمایوں سعید کو لائیف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔

تقریب میں جب سونیا حسین بہترین ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ وصول کرنے اسٹیج پر پہنچیں تو وہ آبدیدہ ہوگئیں۔

تقریب کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سونیا حسین اسٹیج پر چند منٹ تک روتی رہیں اور اشکبار ہونے کی وجہ سے وہ بات بھی نہیں کر پا رہی تھیں۔



سونیا حسین نے جذبات پر قابو پاتے ہوئے کیریئر کا پہلا ایوارڈ دیے جانے پر پیسا انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جب کہ انہوں نے اپنے ڈرامے ’سراب‘ کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔ مختصر تقریر کے دوران سونیا حسین نے بتایا کہ انہیں اداکاری کی دنیا میں آئے ہوئے سات سال گزر چکے ہیں مگر انہیں پہلی بار ایوارڈ ملا ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ انہیں گزشتہ 7 سال میں 16 بار ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا مگر ہر بار انہیں ایوارڈ دینے کے لیے منتخب نہیں کیا گیا۔

تقریب میں جب سونیا حسین بہترین ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ وصول کرنے اسٹیج پر پہنچیں تو وہ آبدیدہ ہوگئیں اور روتی رہیں، سونیا حسین نے کہا کہ سماجی مسائل پر بنے ڈراموں کی کوئی قدر نہیں، وہ یہ ایوارڈ وہ اپنی ماں کے نام کرتی ہیں جنہوں نے انہیں یہاں پہنچانے میں سماج سے بہت بڑی لڑائی لڑی ہے۔

سونیا حسین نے ’سراب‘ جیسے ڈرامے میں شاندار اداکاری کی بدولت بہترین ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ دیے جانےپر انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایوارڈ کو اپنی والدہ اور ذہنی مسائل سے دوچار افراد کے نام کیا۔

سونیا حسین کی ایوارڈ وصول کرنے کے دوران آبدیدہ ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور کئی شوبز شخصیات نے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں نہ صرف بہادر بلکہ ٹیلنٹنڈ اور خوبصورت اداکارہ بھی قرار دیا۔

سونیا حسین نے آبدیدہ ہونے کی ویڈیو انسٹاگرام اسٹوریز میں بھی شیئر کی اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

کیریئر کا پہلا ایوارڈ جیتنے سے قبل رواں برس اگست میں سونیا حسین نے لکس اسٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں پر برہمی کا اظہار کیا تھا،کیوں کہ ان کے ڈرامے ’سراب‘ کو کوئی نامزدگی نہیں ملی تھی۔

سونیا حسین نے لکھا تھا کہ ’سراب‘ سماجی مسائل پر بنا ڈراما ہے مگر لکس اسٹائل ایوارڈز کی انتظامیہ کے آگے ایسے اہم ڈراموں کی کوئی قدر نہیں۔

اور اب انہیں اسی ’سراب‘ ڈرامے میں شاندار اداکاری دکھانے پر بہترین ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ دے دیا گیا۔

’سراب‘ کو ہم ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا، جس میں سونیا حسین نے ذہنی بیماری اور مسائل کی شکار لڑکی کا کردار ادا کیا تھا اور ان کی اداکاری کو سراہا گیا تھا۔

سونیا حسین نے 2013 میں اداکاری کا آغاز کیا تھا اور وہ اب تک تین درجن سے زائد ڈراموں میں اداکاری کر چکی ہیں، انہیں ابھرتی ہوئی اداکارہ کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔
مزیدخبریں