دیوالی کا میلہ سنگھم اگین اور بھول بھلیاں تھری نے لوٹ لیا

روہت شیٹھی اور انیس بزمی دونوں ایسے ڈائریکٹرز ہیں جو بیک وقت خاص کلاس اور عوام دونوں کو سنیما گھروں میں کھینچ لاتے ہیں۔ اس لیے سنگھم اگین اور بھول بھلیاں تھری سنگل سکرین سنیما گھروں اور ملٹی پلکیس دونوں جگہ شاندار بزنس کر رہی ہیں۔

03:57 PM, 6 Nov, 2024

حسنین جمیل

دیوالی پر توقعات کے عین مطابق فلمی دھماکے جاری ہیں۔ بولی ووڈ کی دو بڑی فلموں کا ٹکراؤ ہوا تھا۔ راقم نے وی لاگ بھی کیا تھا اور لکھا بھی تھا کہ سنگھم اگین اور بھول بھلیاں تھری میں دم دار ٹکڑاؤ ہو گا۔ اب تک ویک اینڈ پر تین دنوں کے بزنس کی صورت حال بہت ہی شاندار رہی ہے۔ سنگھم اگین اور بھول بھلیاں تھری جم کر بزنس کر رہی ہیں۔

سنگھم اگین دنیا بھر میں 5500 سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی۔ فلم کو روہت شیٹھی نے چار سکرپٹ رائٹرز کے ساتھ مل کر لکھا ہے۔ روہت شیٹھی کی ہدایت کاری بہت اعلیٰ ہے۔ انہوں نے فلم بہت بڑے لیول پر شوٹ کی ہے اور لارجر دین لائف ایکشن کو نیا انداز بخشا ہے۔

حسب معمول اجے دیوگن نے سنگھم کے کردار میں جاندار اداکاری کی ہے۔ کرینہ کپور کا کردار بھی اچھا ہے۔ فلم میں رنویر سنگھ، ٹائیگر شروف، دپیکا پڈوکون بطور کیمیو جلوہ گر ہیں۔ اکشے کمار آخر میں بہت ہی اچھے لگے، کمال کی ایکشن انٹری تھی۔ سلمان خان کا ایک سین سمجھ سے باہر ہے۔ جیکی شروف بطور ولن جچے مگر شو ارجن کپور لوٹ کر لے گیا، بالکل راون ہی لگا۔ روہت شیٹھی کا رامائن والا خیال جاندار رہا۔ سنگھم اگین اب تک 3 دنوں میں دنیا بھر سے 203 کروڑ کا بزنس کر چکی ہے۔ امکانات ہیں کہ فلم کا بزنس 450 کروڑ تک جا سکتا ہے۔

بھول بھلیاں تھری انیس بزمی کا ماسٹر سٹروک ہے۔ انیس بزمی عام آدمی کا ڈائریکٹر ہے۔ آکاش کوشک کے پیچیدہ سکرپٹ کو عام آدمی کے لیے بنانا بلاشبہ انیس بزمی کا ہی خاصا ہے۔

کارتک آریان کا سٹارڈم بھول بھلیاں 3 کے بعد بہت بلند ہو جائے گا۔ بلاشبہ اس نے بہترین اداکاری کی ہے۔ چندو چیمپئن کے بعد ایک اور مشکل کردار نبھانے میں کامیاب رہا ہے۔ مادھوری ڈکشٹ اور ودیا بالن کے بہنوں کے کردار نے پوری فلم کو چلایا اور کمال چلایا ہے۔ دونوں کی خوبصورتی، اداکاری اور رقص بہت ہی عمدہ ہے۔ تپتی ڈمیری سندر لگی ہے۔ راج پال یادو اور وجے راز نے بہترین کردار نگاری کی ہے۔ فلم نے 3 دنوں کے ویک اینڈ پر اب تک دنیا بھر سے 175 کروڑ کا بزنس کر لیا ہے۔ توقع ہے کہ بزنس 350 کروڑ تک جائے گا۔

روہت شیٹھی اور انیس بزمی دونوں وہ ڈائریکٹرز ہیں جو بیک وقت خاص کلاس اور عوام دونوں کو سنیما گھروں میں کھینچ لاتے ہیں۔ اس لیے سنگھم اگین اور بھول بھلیاں تھری سنگل سکرین سنیما گھروں اور ملٹی پلکیس دونوں جگہ شاندار بزنس کر رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس بار دیوالی پر خوب فلمی دھماکے ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں