انڈین اداکار جیکی شروف کا نام بھی پینڈورا پیپرز میں شامل

07:19 PM, 6 Oct, 2021

نیا دور
پینڈورا پیپرز میں شامل بھارتی افراد میں بالی وڈ اداکار جیکی شروف، ان کا صاحبزادے ٹائیگر شروف اور بیٹی کرشنا شروف کے نام بھی شامل ہیں۔

پینڈورا پیپرز سے معلوم ہوتا ہے کہ جیکی شروف نے اپنی ساس کی جانب سے نیوزی لینڈ میں بنائی گئی میڈیا کمپنی سے مالی فائدہ حاصل کیا۔ جیکی شروف کی اہلیہ عائشہ شروف کی والدہ نے 2005ء میں برطانیہ کی ورجن آئی لینڈ کمپنی میں میڈیا کمپنی رجسٹرڈ کروائی جو نیوزی لینڈ میں تھی۔

یہ مذکورہ کمپنی سے براہ راست اور زیادہ مالی فائدہ حاصل کرنے والے افراد مین جیکی شروف کا نام نمایاں تھا جب کہ کمپنی سے فائدہ اٹھانے والے افراد میں اداکار کا بیٹا اور بیٹی بھی شامل تھے۔ اسی حوالے سے ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بتایا کہ جیکی شروف کی ساس کی جانب سے رجسٹرڈ کروائی گئی کمپنی 8 سال بعد 2013 میں ختم ہوگئی۔

مذکورہ کمپنی کے ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ جیکی شروف، اس کے بیٹے بولی وڈ اداکار ٹائیگر شروف اور اس کی بہن کرشنا شروف نے براہ راست مالی فائدہ اٹھایا۔

جیکی شروف نے بیٹے اور بیٹی کے ہمراہ نیوزی لینڈ میں بنائی گئی کمپنی سے مالی فائدہ اٹھانے کے لیے یورپی ملک سوئٹزرلینڈ میں بینک اکاؤنٹ کھلوا رکھا تھا، جس کے ذریعے انہیں پیسے ملتے رہے۔

پینڈورا پیپرز میں اپنا نام آنے پر تاحال جیکی شروف یا ٹائیگر شروف نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی ہے جب کہ بھارت میں ان سمیت سچن ٹنڈولکر اور انیل امبانی جیسی شخصیات پر اسکینڈل میں نام آنے پر تنقید کی بھی جا رہی ہے۔ پینڈورا پیپرز میں اگرچہ جیکی شروف کے علاوہ بعض یورپی و امریکی شوبز شخصیات سمیت دیگر ممالک کی فلم و ڈراما انڈسٹریز کی شخصیات کے نام بھی سامنے آئے ہیں، تاہم تاحال کسی پاکستانی شوبز شخصیت کا نام سامنے نہیں آیا۔
مزیدخبریں