ابرار الحق جھوٹے ہیں، سیلاب متاثرین کیلئے 6 ارب جمع نہیں ہوئے: ہلال احمر

ابرار الحق جھوٹے ہیں، سیلاب متاثرین کیلئے 6 ارب جمع نہیں ہوئے: ہلال احمر
ہلال احمر سوسائٹی پاکستان نے کہا ہے کہ ابرار الحق چھوٹے ہیں ۔سیلاب زدگان کے لیے 6 تو کیا ایک ارب بھی جمع نہیں ہوئے۔

ہلال احمر سوسائٹی نے کہا ہے کہ اس کے پاس 6 ارب روپے تو کیا اس کے ساتویں حصے کے برابر عطیات بھی جمع نہیں ہوئے اس بارے میں ابرار الحق کا بیان حقائق کے منافی ہے۔

سابق سربراہ ہلال احمر ابرارالحق نے کہا تھا کہ ان کے دور میں ہلال احمر نے سیلاب زدگان کے لیے ایک ہفتے میں چھ ارب روپے کے عطیات اکٹھے کیے۔

ایک اہلکار کے مطابق موجودہ سیلاب میں ہلال احمر سوسائٹی نے اپنی تاریخ کا سُست ترین کردار ادا کیا، ہلال احمر سندھ میں طبی امداد کا ایک بیگ تک تقسیم نہیں کر سکی۔

واضح رہے کہ صدر عارف علوی نے ابرار الحق کو چند روز پہلے ہلال احمر سوسائٹی کی سربراہی سے ہٹا دیا تھا صدر مملکت عارف علوی نے ابرار الحق کی جگہ سردار شاہد احمد لغاری کو 3 سال کے لیے چیئرمین ہلال احمر پاکستان تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

یاد رہے کہ ابرار الحق کو نومبر 2019 کو ہلال احمر پاکستان کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا بعد ازاں ابرار الحق کی بطور چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (انجمن ہلال احمر پاکستان) تقرری کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا تھا جس کے پیش نظر عدالت نے 2019 میں چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (PRCS) کے طور پر ان کی تقرری کے احکامات کو کالعدم بھی قرار دیا تھا۔